نواز شریف کے دور میں بھارت سمیت دنیا پاکستان کی ترقی پر حیران تھی شہباز شریف

ہم نے سیاست پر ریاست کو ترجیح دی، اگر ریاست نہ ہوتی تو سیاست خود بخود ختم ہوجاتی، لاہور میں تاجروں سے خطاب


ویب ڈیسک October 12, 2023
شہباز شریف کی تاجروں سے خطاب کی تصویر (فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے دور حکومت میں بھارت نے بھی پاکستان کی ترقی کو تسلیم کیا تھا اور ہماری ترقی دیکھ کر پوری دنیا حیران تھی، اب وہ وقت دوبارہ آنے والا ہے قوم نواز شریف کا تاریخی استقبال کرے۔

لاہور میں پنجاب تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے وطن کو دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی قوت بنایا، ملک کو اندھیروں سے نکالا، دہشت گردی کا خاتمہ کیا، ملک بھر میں اورنج اور گرین لائن بسیں اور ٹرین چلائیں، اورنج لائن جیسا منصوبہ ملک بھر میں نہیں، رنگ روڈ منصوبہ نہ ہوتا تو لاہور کے ٹریفک کا کیا حال ہوتا، یہ سب منصوبے نواز شریف کی قیادت میں مکمل ہوئے، ہم نواز شریف کا وطن واپسی پر تاریخی استقبال کریں گے۔

انہوں ںے کہا کہ نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا لیکن نواز شریف کے خلاف سازش ہوئی اور انہیں ہٹادیا گیا، ایک بار پھر ہماری حکومت آئی اور ہمیں مہنگائی ورثے میں ملی، پی ٹی آئی نے ریاست کو برباد کردیا تھا، ہم نے رمضان میں 70 ارب کی سبسڈی دے کر کے پی اور پنجاب میں سستا آٹا دیا، ہم نے سیاست پر ریاست کو ترجیح دی، اگر ریاست نہ ہوتی تو سیاست خود بخود ختم ہوجاتی، معاشی ترقی کرنی ہے تو سیاسی استحکام لانا ہوگا۔

یہ پڑھیں : نواز شریف 5 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن مارشل لا کے ذریعے نواز شریف کی حکومت کو دوسری بار ختم کیا گیا، یہ وہ دور تھا جب بھارتی وزیراعظم واجپائی نے کہا تھا کہ پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم کرتے ہیں، بھارت سمیت پوری دنیا پاکستان کی ترقی دیکھ کر حیران تھی اور جب نواز شریف تیسری بار وزیراعظم بنا تو ملک کو ایک بار پھر اندھیروں سے نکالا۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوام نواز شریف سے محبت کرتے ہیں تو 21 اکتوبر کو اپنے قائد نواز شریف کا بھرپور والہانہ استقبال کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں