ورلڈکپ پاک بھارت میچ کا بخار احمد آباد کے اسپتالوں میں رش بڑھ گیا

دونوں ٹیمیں 14 اکتوبر کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی


ویب ڈیسک October 12, 2023
دونوں ٹیمیں 14 اکتوبر کو نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی (فوٹو: ٹوئٹر)

پاک بھارت میچ سے قبل کرکٹ کے بخار نے احمد آباد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے 14 اکتوبر کو شیڈول پاک بھارت میچ سے قبل بھارتی شہر احمد آباد کے اسپتالوں میں اچانک مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کئی اسپتالوں میں پرائیویٹ رومز کی بکنگ کرالی گئی ہے جس میں روایتی حریفوں کے میچ سے قبل ایک رات کا قیام شامل ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ مہنگے ہوٹلز کے بجائے شائقین نے اسپتالوں میں بُکنگ شروع کردی

ڈاکٹروں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ''چیک اَپ پیکیجز'' کے لیے رش سستی رہائش تلاش کرنے کا ایک اسمارٹ آئیڈیا ہے کیونکہ میچ سے پہلے ہوٹل کے کرایوں میں 20 گنا تک اضافہ ہوچکا ہے۔

احمد آباد میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر تشار پٹیل نے رائٹرز کو بتایا کہ پہلے بھی ایسے معاملات دیکھنے میں آچکے ہیں کہ لوگ پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے آتے ہیں اور اس دوران وہ اپنے طبی معائنے کیلئے اسپتالوں میں بکنگ کرلیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاک بھارت میچ کے باعث ہوٹلوں کے کرائے میں کئی گُنا اضافہ

احمد آباد ہاسپٹل اینڈ نرسنگ ہومز ایسوسی ایشن نے اپنے ممبران کو تنبیہ کی ہے کہ وہ ایسے شائقین کو جگہ نہ دیں نہ انکی درخواستوں پر غور کریں کیونکہ اسپتال بطور ہوٹل استعمال کے لیے نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاک بھارت میچ سے قبل احمد آباد کا فضائی سفر بھی مہنگا ہوگیا

خیال رہے کہ پاک بھارت میچ کا شائقین کی جانب سے بے صبری سے انتظار کیا جاتا ہے۔ 29 اگست کو پہلے مرحلے میں میچ کے تمام ٹکٹس صرف ایک گھنٹے میں فروخت ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں