محکمہ تعلیم سندھ میں جعلی بھرتیوں اور گھوسٹ اساتذہ کے خلاف کریک ڈاؤن کی تیاری

غیر حاضر اور کام چور اساتذہ کو نکال کر نئے اساتذہ تعینات کریں گے، نگراں وزیرتعلیم

فوٹو: فائل

محکمہ تعلیم سندھ میں جعلی بھرتیوں اور گھوسٹ اساتذہ کے خلاف کریک ڈاؤن کی تیاری شروع ہوگئی، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن سے اسکولوں سے غیر حاضر اساتذہ کی تفصیلات طلب کرلی گئیں۔

محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے کے تمام ڈائریکٹرز کو اسکولوں کے اساتذہ کا ڈیٹا 15 روز میں جمع کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے حکم نامے کے مطابق ڈی جی مانیٹرنگ کی رپورٹ میں امسال 25 ہزار سے زائد اساتذہ کا اسکولوں سے غیر حاضر رہنے کا انکشاف کیا گیا تھا، اور 4 ہزار گھوسٹ اساتذہ کا انکشاف ہونے پر محکمہ تعلیم سندھ میں سب کی دوڑیں لگ گئی تھیں۔


نگراں وزیر تعلیم کے مطابق پہلے مرحلے میں غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کی اپائنمنٹ اور ان کی تعلیمی قابلیت کی تحقیقات کی جائے گی اور غیر حاضر رہنےو الے اساتذہ کو پہلی فرست میں نوکری سے نکال دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی اوریجنل سروس بک، پہلی تنخواہ کی پے سلپ، ایکسپلینیشن لیٹر،این او سی اورحاضری رپورٹ طلب کر لی ہیں۔

نگراں وزیرتعلیم کے مطابق نئے اساتذہ کی بڑی تعداد ویٹنگ پر ہے جنہیں ابھی جوائننگ دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر حاضر اور کام چور اساتذہ کو نکال کر نئے اساتذہ کو تعینات کریں گے۔
Load Next Story