عمران خان کی جیل میں سیکیورٹی کی درخواست پر سماعت کوئی وکیل پیش نہیں ہوا
درخواست پہلے ہی 25 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے، کیس تب ہی سنا جائے گا، چیف جسٹس کے ریمارکس
چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں سیکورٹی اور تحفظ کی درخواست پر جلد سماعت کے لیے مقرر کی گئی متفرق درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں درخواست گزار کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی درخواست پہلے ہی 25 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے۔ رجسٹرار آفس کا رُول ہے، کیس 25 اکتوبر ہی کو سنا جائے گا ۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی نے سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا ۔ اس سلسلے میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ 5 اکتوبر کو سماعت ہوئی تو عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کیے۔ عدالت نے درخواست کو 2 ہفتوں میں دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کرنے کا کہا۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست کو 25 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔ استدعا ہے کہ درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں سیکورٹی اور تحفظ کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے۔