ورلڈ کپ مومن ثاقب نے بھارت جانے کی تیاری پکڑلی

مومن ثاقب نے کہا تھا کہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ بھارت نے میرا ویزا مسترد کردیا ہے


ویب ڈیسک October 13, 2023
مومن ثاقب نے ورلڈ کپ کیلئے بھارت ویزے کی درخواست دے دی: فوٹو ویب ڈیسک

پاکستان کے نوجوان اداکار اور معروف یوٹیوبر مومن ثاقب نے طویل انتظار کے بعد بھارتی ویزے کے لیے درخواست دے دی ہے۔

حال ہی میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے سیکریٹری خارجہ سے رابطہ کرتے ہوئے بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے ویزا پالیسی کا معاملہ بھارتی وزارت داخلہ کے سامنے رکھنے کی درخواست کی تھی۔

اس ضمن میں اہم پیش رفت ہوئی، بھارتی ہائی کمیشن کے جانب سے ویزے کے خواہش مندوں سے رابطے شروع ہوگئے ہیں اور ان کو پاسپورٹ جمع کروانے کے لیے کہا گیا ہے۔

اس اہم پیش رفت کے بعد اداکار و یوٹیوبر مومن ثاقب نے بھی بھارت جانے کی تیاری پکڑتے ہوئے بھارتی ویزے کی درخواست دے دی ہے۔







View this post on Instagram


A post shared by Momin Saqib (@mominsaqib)






مومن ثاقب نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ 'جب ایک بچہ چھوٹا ہوتا ہے تو اُس کی خواہش ہوتی ہے کہ بڑا ہوکر انجینئر یا ڈاکٹر بنوں گا لیکن میں اپنے بچپن میں کہتا تھا کہ میں کبھی بھی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ مِس نہیں کروں گا'۔

اُنہوں نے کہا کہ 'ہمیشہ ویزا پالیسی کا انتظار ہی رہا تاہم اب میں نے نارمل بھارتی ویزے کی درخواست دے دی ہے، دُعا کریں کہ میرا ویزا لگ جائے'۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بھارت نے پاکستان کے نامور سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور یوٹیوبرز کے ویزے مسترد کردیے ہیں جن میں مومن ثاقب بھی شامل تھے۔

اس خبر کی وجہ سے پاکستانی شائقین کرکٹ شدید غصے میں آگئے تھے لیکن مومن ثاقب نے اپنے سوشل میڈیا بیان کے ذریعے بھارتی ویزا مسترد ہونے کی افواہوں کی تردید کردی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستانی یوٹیوبرز نے بھارتی ویزے مسترد کیے جانے کی تردید کردی

مومن ثاقب نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا تھا کہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ بھارت نے میرا ویزا مسترد کردیا ہے، آپ سب کی اطلاع کے لیے بتاتا چلوں کہ میں نے ابھی بھارتی ویزا کے لیے اپلائی ہی نہیں کیا۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ سب سے درخواست ہے کہ کوئی بھی غلط معلومات پھیلانے سے پہلے خبر کی جانچ پڑتال اور تصدیق ضرور کرلیا کریں اور اس طرح کی جھوٹی افواہوں کو پھیلانے سے گریز کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں