ایف آئی اے افسران کا شہری کو اغواء کرکے 3 کروڑ روپے تاوان لینے کا انکشاف

ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل لاہور میں گینگ آف 5 سامنے آگیا

فوٹو: فائل

ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل لاہور میں گینگ آف 5 سامنے آگیا، سائبر کرائم میں کنٹریکٹ پر تعینات انسپکڑز کی جانب سے شہری کو یرغمال بنا کر مبینہ طور پر 3 کروڑ روپے تاوان لینے کا انکشاف ہوا ہے۔

گینگ میں انسپکڑ وقاص، فخر، عباس، مصدق اور حمزہ شامل ہیں جنہوں نے قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر کسی کیس کے شہری کو یرغمال بنایا۔ ایف آئی اے افسران کے خلاف ابھی تک کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

افسران کا گروہ شہری ماجد کو دو روز تک یرغمال بنا کر لاہور میں گھماتا رہا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم کے انسپکٹر وقاص، سب انسپکٹر مصدق اور حمزہ نے ہری پور سے شہری ماجد کو مبینہ طور پر اغواء کیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔ سائبر کرائم میں کنٹریکٹ پر تعینات انسپکٹرز شہری ماجد پر مبینہ تشدد بھی کرتے رہے۔


ایف آئی اے سائبر کرائم کے انسپکٹر شہری ماجد سے کھیلوں کی مختلف ویب سائٹس کے بارے میں پوچھتے رہے۔ افسران کا غیر قانونی کارروائی کے دوران ایک اعلیٰ افسر سے بھی رابطے میں رہنے کا انکشاف ہوا جبکہ انسپکٹر وقاص اور سب انسپکٹر مصدق لاہور سے انچارج کو بتائے بغیر ہری پور گئے۔

ایف آئی اے افسران نے آفس محرر کو ایڈیشنل ڈائریکٹر کی خصوصی اسائمنٹ پر جانے کی بارے میں آگاہ کیا۔ سائبر کرائم افسر نے رپورٹ میں واقعے کو درست قرار دے دیا اور واقعے میں شامل افسران کے خلاف کرمنل کارروائی کی سفارش کی جبکہ رپورٹ میں افسران کا کنٹریکٹ بھی ختم کرنے کی تجویز دی۔

واقعے میں ملوث انسپکٹرز چند سالوں میں ہی لگژری گاڑیوں کے مالک ہیں۔ متاثرہ شہری نے بھی ایف آئی اے سائبر کرائم میں درخواست جمع کروا دی جبکہ گینگ آف 5 کی جانب سے متاثرہ شہری کو دھمکیاں دینے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

ماضی میں بھی اسی طرح شہری کو یرغمال بنا کر پیسے لینے کا واقعہ رونما ہو چکا ہے۔ واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل احمد جہانگیر اسحاق کے مطابق قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Load Next Story