دنیا فلسطین میں بے گناہوں کا قتل عوام رکوانے کیلیے عملی اقدام کرے شہباز شریف
تمام اسلامی ممالک او آئی سی کے پلیٹ فارم سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں، سابق وزیراعظم
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بچوں سمیت عام نہتےفلسطینی شہریوں پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مداخلت کا مطالبہ کردیا۔
شہباز شریف نے اسرائیلی حملوں سے سیکڑوں بچوں سمیت 2 ہزار سے زائد شہادتوں پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی ریاست عالمی قانون اور انسانیت کی تمام حدیں پامال کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور سلامتی کونسل فلسطینیوں کے زندہ اور آزاد رہنے کے مسلمہ قانونی حق کا تحفظ اور پاسداری کو یقینی بنائے ورنہ دنیا راکھ کا ڈھیر بن جائے گی، سات دہائیوں سے ایک قابض فوج فلسطینیوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے، سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کراتی تو آج یہ حالات پیدا نہ ہوتے۔
سابق وزیراعطم نے کہا کہ صیہونی ریاست دہائیوں سے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ بے گناہوں کا بہتا لہو روکا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپتالوں، اسکولوں اور عام آبادیوں کو بمباری کا نشانہ بنانا جنگ نہیں کھلا ظلم وبربریت ہے، اسپتالوں کو خالی کرانا، صحافیوں کو نشانہ بنانا قتل عام کی اجازت دینے کے مترادف ہے، دنیا ظلم پرتماشائی نہ بنے بلکہ بے گناہ انسانوں کا قتل عام رکوانے کے لیے عملی اقدام کرے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے پلیٹ فارم سے فلسطینیوں کے لیے پانی، خوراک، ادویات کی فوری فراہمی شروع کی جائے اور تمام اسلامی ممالک او آئی سی کے پلیٹ فارم سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بے گھر فلسطینیوں کے لیے پناہ گاہوں، خواتین ، بچوں، ضعیفوں کے لیے خوراک اور علاج کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حالات اسلامی دنیا کا بھی امتحان ہے، امن اور القدس الشریف دارالحکومت کی حامل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینیوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔
دنیا اسرائیلی بربریت پرتماشائی نہ بنے، بے گناہوں کا قتل عام رکوانے کیلیے عملی اقدام کرے، شہباز شریف