کورنگی باسی کھانا کھانے والے 100 باراتی بیمار ہوگئے

جناح اسپتال سے14افرادطبی امدادکے بعد فارغ،86افرادتاحال زیرعلاج ہیں،باراتی باسی کھاناکھانے سے بیمارہوئے،ڈاکٹرسیمی جمالی


Staff Reporter May 18, 2014
کورنگی میں شادی کی تقریب میں باسی کھانا کھانے سے متاثرہ خاتون کو جناح اسپتال میں ہنگامی طبی امداد کے بعد وارڈ منتقل کیاجارہاہے۔ فوٹو: ایکسپریس

SWAT: کورنگی میں شادی کی تقریب میں باسی کھانا کھانے سے100سے زائد باراتیوں کی حالت بگڑ گئی جنھیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

14افراد کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ86 افراد تاحال زیر علاج ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر ہے،کھانے کے نمونے اور شادی ہال کا پانی تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے، خدشہ ہے تمام افراد کی حالت گنداپانی پینے کے باعث بگڑی ہے،تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر پر واقع آئیڈیل شادی ہال میں جمعہ کی شب کورنگی کے رہائشی کبیر احمد کی بیٹی کی شادی تھی، شادی میں کھانا کھانے کے کئی گھنٹے بعد جب باراتی گھروں کو چلے گئے تو ان کی حالت بگڑنا شروع ہوئی جس کے بعد ایک ایک کرکے انھیں جناح اسپتال ایمرجنسی وارڈ لایا گیا جہاں جناح اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کی انچارج سیمی جمالی کے مطابق ہفتے کی صبح ساڑھے 6 بجے جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں مریض پہنچنا شروع ہوئے جن کی تعداد 100 تھی جن میں مرد ، خواتین اور بچے شامل تھے۔

انھوں نے بتایا کہ تمام افراد کی حالت غیر تھی اور لگ بھگ سب کو کو الٹیاں ہورہی تھیں جنھیں فوری طور پر طبی امداد دی گئی اور ابتدائی طور پر 14افراد کو اسپتال سے ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ دیگر زیر علاج ہیں تاہم تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے،انھوں نے بتایا کہ متاثرہ افراد کا کہنا تھا کہ انھوں نے کھانے میں بریانی، قورمہ اور لب شیریں کھایا تھا اور بظاہر جو چیز سامنے آئی ہے اس کے مطابق تمام افراد کی حالت غیر معیاری باسی کھانا کھانے سے ہوئی جوکہ مضر صحت تھا۔

زمان ٹاؤن تھانے کے سب انسپکٹر ذوالفقار نے بتایا کہ پولیس نے کبیر احمد اور شادی کی تقریب کے لیے کھانا بنانے والے باورچی کو بھی حراست میں لیا تاہم جن کے گھر تقریب تھی انھوں نے بتایا کہ ہم نے مذکورہ کھانا محلے میں بھی تقسیم کیا اور جن لوگوں نے وہ کھانا کھایا وہ تمام خیریت سے ہیں جس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ تمام افراد جن کی حالت غیر ہوئی ہے انھوں نے شادی ہال کا پانی پیا تھا جس کے باعث کھانے کے ساتھ ساتھ پانی کے نمونے لے کر تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں ، لیبارٹری رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں