عمران خان کی درخواست پر سماعت ملتوی  بشریٰ بی بی کی ضمانت میں توسیع

احتساب عدالت نے توشہ خانہ نیب تحقیقات اور 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں نیب کو بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے روک دیا

(فوٹو: فائل)

سیشن کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی جب کہ بشریٰ بی بی کی ضمانت میں توسیع کردی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی6 مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کرتے ہوئے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیس میں عبوری ضمانت میں 31 اکتوبر تک توسیع کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی توڑ پھوڑ ، احتجاج اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج 6 مقدمات میں ضمانت کی 6 درخواستوں پر سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ اس موقع پر بشریٰ بی بی توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیس میں عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔

عدالت نےچیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 6 کیسز کی سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور 31 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔


واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی 6 درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بحال کی تھیں۔

دوسری جانب احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ نیب تحقیقات اور 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا۔

احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج راجا جواد عباس نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کے دوران بشریٰ بی بی اپنے وکیل لطیف کھوسہ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئیں۔ وکیل نے کہاکہ جس دن احتساب عدالت نے درخواست ضمانت نمٹائی، اسی دن نیب نے نیا نوٹس بھیج دیا۔

عدالت نے استفسار کیاکہ بشریٰ بی بی کہاں ہیں؟، عدالت نے بشریٰ بی بی کو روسٹرم پر بلا لیا، جس پر بشریٰ بی بی پہلی مرتبہ کٹہرے میں آ کر کھڑی ہوگئیں۔

بعد ازاں عدالت نے پانچ پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت31 اکتوبر تک ملتوی کردی اور نیب کو نوٹس جاری کرکے آئندہ سماعت تک دلائل طلب کرلیے۔
Load Next Story