سونم کپورفلسطین کی حمایت میں بول پڑیں

بھارتیوں کی جانب سے سونم کپور کو تنقید کا سامنا ہے

سونم کپور کی فلسطین کیساتھ اظہار یکجہتی: فوٹو ویب ڈیسک

بھارت کی اسرائیل سے حمایت اور فلسطین سے نفرت کے درمیان بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پیغام جاری کردیا۔

گزشتہ ایک ہفتے سے فلسطین پر اسرائیل کی جانب سے شدید بمباری جاری ہے، اسرائیل فلسطین کشیدگی بڑھتی جارہی ہے، ایسے میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے فنکار اور معروف شخصیات فلسطین کے لیے اپنی آواز بُلند کررہے ہیں۔

ان شخصیات میں بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور بھی شامل ہوگئی ہیں جنہوں نے نتائج کی پراوہ کیے بغیر فلسطین کی حمایت کردی ہے اور اس کے بعد بھارتیوں کی جانب سے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔

سونم کپور نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اسٹوریز پوسٹ کیں جن میں مظلوم فلسطین سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔



اداکارہ کی پہلی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ 'غزہ میں آدھی عوام بچوں پر مشتمل ہے'۔


سونم کپور نے اگلی اسٹوری میں نکولس کرسٹوف کے تحریر کردہ مضمون کا ایک اقتباس پوسٹ کیا جس میں اسرائیلی بچوں کی حمایت جبکہ فلسطینی بچوں کے ساتھ بےحسی کی مذمت کی گئی تھی۔



جہاں بھارتیوں کی جانب سے سونم کپور کو تنقید کا سامنا ہے تو وہیں دیگر سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کی اس جرت کو سراہا ہے۔



واضح رہے کہ غزہ پر ہفتے سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2329 تک پہنچ گئی جبکہ 9 ہزار 700 افراد زخمی اور 3 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'اَن فالو کرنے کا وقت آگیا': عاطف اسلم کو فلسطین کی حمایت پرتنقید کا سامنا

فلسطینی حریت پسند تنظیم حماس کے اسرائیل پر تاریخی اور حیران کن حملے کے بعد اسرائیلی افواج کی مشتعل ہوکر ہفتے سے غزہ پر بمباری جاری ہے، اسرائیلی افواج بلاامتیاز رہائشی عمارتوں، خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنارہی ہیں جس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔
Load Next Story