متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کو احتجاجی مظاہرے ملتوی کرنے کی ہدایت کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ کے اجرا کے معاملے پر حکومت نے یقین دہانی کرادی ہے اور چاہتے ہیں کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کئی مشکلات اور بحرانوں کا شکار ہے اس لئے مزید مشکلات میں اضافہ کرنا نہیں چاہتے بلکہ افہام و تفہیم کے ساتھ معاملات کا حل چاہتے ہیں۔ الطاف حسین کی ہدایت کے بعد رابطہ کمیٹی نے کراچی میں ایم اے جناح روڈ اور لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرے ملتوی کردیئے۔
واضح رہے کہ الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر ایم کیو ایم نے نہ صرف قومی و صوبائی اسمبلیوں میں شدید احتجاج کیا بلکہ آج ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔