سندھ ہائیکورٹ سرکاری بھرتیوں کے خلاف حکم امتناع میں توسیع
جسٹس ثنا اکرم منہاس پر مشتمل سنگل بینچ نے درخواست قائم مقام چیف جسٹس کو ارسال کردی
سندھ ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے سرکاری بھرتیوں کے خلاف ایم کیو ایم کی درخواست قائم مقام چیف جسٹس کو ارسال کرتے ہوئے حکم امتناع میں توسیع کردی۔
جسٹس ثنا اکرم منہاس پر مشتمل سنگل بینچ کے روبرو صوبے کے مختلف محکموں میں گریڈ ایک سے 15 پر بھرتیوں کیخلاف ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
سنگل بینچ کی جسٹس ثنا اکرم منہاس نے درخواست قائم مقام چیف جسٹس کو ارسال کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ معاملے کی جزوی سماعت جسٹس ظفر احمد راجپوت پر مشتمل دوسرا سنگل بینچ کرچکا ہے لہذا معاملہ قائم مقام چیف جسٹس کو ارسال کردیتے ہیں۔
عدالت نے درخواست غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے حکم امتناع میں توسیع کردی۔ عدالت نے سندھ کے تمام محکموں میں گریڈ 1 سے 15 تک کی بھرتیوں پر حکم امتناع جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے بھرتیوں کیخلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔