ڈاکٹروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گااقبال درانی

ڈاکٹرمنظور میمن کے ورثا کو 5 لاکھ اور بیٹے کو میڈیکل کالج میں داخلہ دینگے


Staff Reporter May 18, 2014
ڈاکٹر منظور میمن کے قاتلوں کی گرفتاری کیلیے ڈاکٹرز اور اہل خانہ پریس کلب کے سامنے سراپا احتجاج ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

صوبائی سیکریٹری صحت سندھ اقبال درانی نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

دہشت گردی کا نشانہ بننے والے ایم ایل او ڈاکٹر منظور میمن کے ورثا کو5 لاکھ روپے اور ایک بیٹے کو گریڈ17میں ملازمت فراہم کی جائے گی جبکہ ان کے دوسرے بیٹے کو سرکاری میڈیکل کالج میں داخلہ بھی دیا جائے گا، یہ بات انھوں نے ہفتہ کو پی ایم اے ہاؤس میں ڈاکٹروںکے اجلاس میں کہی، اجلاس میں رینجرز اور سی آئی اے پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، اجلاس میں ڈی آئی جی سی آئی اے سلطان خواجہ نے ڈاکٹروںکویقین دہانی کرائی کہ شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں کام کرنے والے میڈیکولیگل افسران کو آئندہ2 روز میں مکمل سیکیورٹی فراہم کردی جائے گی۔

ان ایم ایل اوز کے دفاتر میں بھی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ ایم ایل اوز کو گھر سے اسپتال اور اسپتال سے گھر پہنچنے تک بھی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، انھوں نے بتایا کہ30 پولیس اہلکاروں کو ایم ایل اوزکی ڈیوٹیوں پر متعین کیا جائے گا، اس سے قبل ایم ایل او از کا اجلاس ہفتہ کو پی ایم اے ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں پولیس اور رینجرزکے افسران نے بھی شرکت کی، اجلاس میں ڈاکٹروں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا، بیشتر ڈاکٹروں نے احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ ڈاکٹروں کو مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

اجلاس سول اسپتال کے ایم ایل اونثار علی شاہ کی سربراہی میں ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ جناح، سول اور عباسی شہید اسپتال کے ایم ایل اوز مناسب سیکیورٹی ملنے تک فرائض انجام نہیں دیں گے، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جب تک دیگر ڈاکٹروں کو بھی مناسب تحفظ فراہم نہیں کیا جائے گا ان کی ہڑتال جاری رہے گی، ڈاکٹر نثار علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کو معاملات سے آگاہ کر دیا گیا ہے، اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں