والد کی حوصلہ افزائی بچے کی اسکول میں کارکردگی کو بہتر کرتی ہے تحقیق
تحقیق میں سن 2000 سے 2002 میں پیدا ہونے والے بچوں کے بڑے ہونے تک کا ڈیٹا شامل کیا گیا
ایک نئی شائع شدہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ والد اپنے بچوں کو پڑھائی یا ڈرائینگ میں مدد کرکے اور ان کے ساتھ کھیل کر اسکول میں انکی تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر کر سکتے ہیں۔
لیڈز یونیورسٹی کی سربراہی میں ہونے والی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ بچے پرائمری اسکول میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اگر ان کے والد باقاعدگی سے ان کے ساتھ پڑھنے، کھیلنے، کہانیاں سنانے یا ڈرائنگ میں ان کے ساتھ وقت گزاریں۔
5 اور 7 سال کی عمر کے بچوں کے پرائمری اسکول کے ٹیسٹ کے اسکور کا تجزیہ کرتے ہوئے محققین نے انگلینڈ میں تقریباً 5,000 گھرانوں کا ڈیٹا استعمال کیا جس میں سن 2000 سے 2002 میں پیدا ہونے والے بچوں کے بڑے ہونے تک کا ڈیٹا شامل تھا۔
تحقیق کے مطابق جو والد اپنے تین سال کے بچوں کے ساتھ باقاعدگی سے ڈرائینگ کرتے، کھیلتے اور پڑھتے تھے، انھوں نے 5 سے 7 سال کی عمر تک اپنے بچوں کی اسکول میں کارکردگی پر مثبت اثر ڈالا۔
لیڈز یونیورسٹی بزنس اسکول کی ریسرچ فیلو ڈاکٹر ہیلن نارمن، جنہوں نے اس تحقیق کی قیادت کی، نے کہا کہ مائیں اب بھی بنیادی دیکھ بھال کا کردار ادا کرتی ہیں لیکن اگر والد بھی بچوں کی دیکھ بھال کی سرگرمی میں حصہ لیں تو بچوں کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوجاتا ہے جیسے کہ پرائمری اسکول میں امتحانات میں اچھے نمبروں سے پاس ہونا۔ یہی وجہ ہے کہ بچے کی زندگی کے ابتدائی مرحلے سے ہی ماں کے ساتھ بچوں کی دیکھ بھال کا اشتراک کرنے کے لیے والد کا حوصلہ افزائی اور مدد کرنا بہت ضروری ہے۔