کراچی لیاری میں دستی بم حملہ میں خاتون جاں بحق بچوں سمیت 8 زخمی

لیاری کے علاقے بہار کالونی میں واقع اے روڈ کی گلی میں تاجر کے گھر پر دستی بم حملہ ہوا، زخمی اسپتال منتقل


طحہ عبیدی October 16, 2023
فوٹو فائل

شہر قائد کے علاقے لیاری بہار کالونی میں دستی بم دھماکے کے نتیجے میں خاتون جاں بحق جبکہ دو بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی سٹی امجد حیات نے بتایا کہ لیاری کے علاقے بہار کالونی میں واقع اے روڈ کی گلی نمبر ایک میں نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوئے جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے میں نتیجے میں چار خواتین، دو بچیاں اور ایک بچہ زخمی ہوا جنہیں طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری وقوعہ پر پہنچ گئی ہے جہاں سے شواہد اکھٹے کیے گئے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق دستی بم حملے کی وجہ جاننے اور ملزمان کی شناخت کیلیے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق علی ولی نامی تاجر کے مکان پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے، علی ولی نامی تاجر لنڈے کے کاروبار سے وابستہ ہے جس کی تین منزلہ رہائشی عمارت پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی سٹی امجد حیات نے موقع کا معائنہ کیا ، ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ کریکر حملے کے شواہد اکھٹے کررہے ہیں ، حملہ آوروں کا نشانہ کیا تھا بتانا قبل از وقت ہوگا۔

یس ایس پی سٹی امجد حیات کا کہنا تھا کہ کریکر حملے میں 35 سالہ رضیہ زوجہ محمد علی نامی خاتون جاں بحق ہوہی ہیں جبکہ بچوں میں 6 سالہ عقیل ، عتیقہ 8 سالہ زخمی ہوئے ہیں ، حملے کے نتیجے میں 45 سالہ خیر اللہ ، 22 سالہ زوہیب ، 34 سالہ محمد فیصل ، 35 سالہ احسان نبی اور 20 سالہ ونج ولد دلیپ کمار زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

گورنر سندھ کا نوٹس

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے لیاری کے علاقے بہار کالونی میں دستی بم حملے اور شہریوں کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے اس واقعہ کی تفصیلات طلب کرلیں۔ کامران ٹیسوری نے زخمیوں کو علاج معالجہ کی ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔