جنوبی اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں 2 دہشت گرد ہلاک
دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو سپاہی شہید ہوئے، آئی ایس پی آر
سیکیورٹی فورسز نے جنوبی اور شمالی وزیرستان میں دو علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو سپاہی بھی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 16 اکتوبر 2023 کو شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں اپنے ہی فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان دو شدید مقابلے ہوئے۔
پہلی جھڑپ ضلع جنوبی وزیرستان کے عام علاقے اسمان منزہ میں ہوئی، جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا گیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی ساجد اعظم (عمر 31 سال، ساکن کوٹلی، آزاد کشمیر) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔
دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ کے عام علاقے میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جبکہ سپاہی کرک کے رہائشی 27 سالہ سپاہی وارث خان نے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔