ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت’’ ایجوکیشن اینڈ کیرئیر ایکسپو‘‘ کا شاندار آغاز

ایجوکیشن اینڈ کیرئیرایکسپو میں ایچ ای سی اور یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان کے اسٹال توجہ کا مرکز ہیں


حریک انصاف کے اسد عمر ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا افتتاح کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

لاہور: ایکسپریس میڈیاگروپ کے زیراہتمام دوسری 2 روزہ ''ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو'' ہفتے کی صبح پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں شروع ہوگئی۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے فیتہ کاٹ کر ایکسپو کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ اس موقع پر یوتھ پارلیمنٹ کے صدر توصیف عباسی بھی موجود تھے۔ ایکسپو کے افتتاحی روز شرکاصبح سویرے پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر پہنچ گئے تھے اور مہمانوں کی آمد سے قبل ہی ایکسپو سینٹر شرکاسے کھچا کھچ بھر چکا تھا ۔ معزز مہمان جب ایکسپو سینٹر میں داخل ہوئے تو انھیں گلدستے پیش کیے گئے اور تالیاں بجا کران کاشاندار اسقبال کیا گیا ۔ مہمانوں کی آمد کے بعد تلاوت کلام پاک سے تقریب کا باضابطہ آغاز کیا گیا ۔

مہمان خصوصی اسد عمر نے مسلسل دوسری بار ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کے کامیاب انعقاد پر ایکسپریس میڈیاگروپ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے جواقدام کیا ہے یہ عموماً یورپ، امریکااور دیگرممالک میںہوتاہے جہاںایک ہی چھت تلے درجنوں جامعات اپنے انفارمیشن سینٹرزقائم کرکے نوجوان نسل کو اپنا مستقبل اپنانے میں معلومات فراہم کرتے ہیں۔ یہاں آکر مجھے انتہائی خوشی ہوئی کہ پاکستان میں بھی بیرونی دنیا کے طرز پر ایکسپو کا انعقاد کیا جارہاہے جومیری توقع سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔ یہاں میں نے نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے بارے میں معلومات اورکتابچے لیتے ہوئے دیکھا ہے۔ ماضی میں چند عشرے پیچھے جھانک کر دیکھاجائے تو ایسا ماحول ہرگز نہیں تھا۔ والدین بچوں کو جو بہتر تصورکرتے تھے اس طرف راغب کر دیتے تھے۔ جب ان کو معلوم ہوا کہ ملک کی خدمت ڈاکٹر اور انجینئر بناکرکی جاتی ہے تو بچوں کو اس طرف لگادیا۔

پھرجب ان کومعلوم ہوا کہ بچوںکو فوجی یا بیوروکریٹ بنانا چاہیے تووہ اس طرف چل پڑے اور جب ان کومعلوم ہوا کہ بچوںکو ایم بی اے کرانا چاہیے تواس طرف توجہ کردی۔ ان تمام پہلوؤں کوسامنے رکھا جائے تو محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے ہاں اصل میں رہنمائی کی کمی رہی ہے جس کو شدت سے محسوس کیا جاتا رہا ہے۔ اس خلا کو پرکرنے کے لیے جس رہنمائی کی ضرورت تھی اس کوکسی حد تک ایکسپریس جیسی ایکسپو نے پورا کردیاہے تاہم اس شعبے میں مزید بہترکرنے کے لیے ہمیں مزید اقدام کی ضرورت ہے۔ قوی امیدہے کہ ایکسپریس میڈیا گروپ ایسے ایونٹس کا انعقاد بڑے شہروں سمیت چھوٹے شہروں میں بھی کرے گا جس کی کہیں زیادہ ضرورت ہے۔

اسدعمر نے کہا کہ ماضی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کمی تھی، کمپوٹرتھا نہ ہی سیل فون اورنیٹ جیسی سہولت کا نظریہ ذہن میں رکھنا ناممکن تھا مگرآج کے دورنے لاکھوں میل پر موجود کمیونٹی کوگلوبل ولیج میں تبدیل کردیا ہے اور جدید ٹیکنالوجی نے دوسرے ممالک کی جامعات کوایک دوسرے کے ساتھ لنک کردیا ہے ۔ اسدعمر نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد تسلسل سے ہوناچاہیے۔ ایکسپو میں اتنی تعداد میں تعلیمی اداروں کی شرکت نے مجھے بہت متاثر کیا۔ مجھے امید ہے کہ آئندہ سال جو ایکسپو منعقد کی جائے گی۔ اس میں مزید بہتر اقدام بروئے کارلائے جائیںگے۔ اسدعمرنے کہاکہ فٹ بال یاہاکی میں اچھاکھلاڑی وہ نہیںہوتاجوبہترین ٹرکس جانتاہے بلکہ وہ ہوتاہے جوگول پوسٹ سے ایک اندازے کے تحت ہٹ مارتاہے اورگول کرتاہے۔



یوتھ پارلیمنٹ کے صدر توصیف عباسی نے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایکسپریس میڈیا گروپ کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے ایونٹس سے نوجوانوں کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے اور اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ سازی کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلسل دوسری بار ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا انعقاد ایکسپریس میڈیا گروپ کا ایک اہم کارنامہ ہے۔ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے کیونکہ اس طرح کی ایجوکیشن ایکسپوکومیٹرک لیول اورانٹرکے طلباکے لیے انتہائی مفیدقراردیاجاسکتاہے جواپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہوتے ہیں۔ اس ایکسپو سے والدین کو بھی فائدہ اٹھاناچاہیے تاکہ وہ اپنے بچوں کوبہترین مستقبل فراہم کرنے کے لیے اپنی صلاحیتیوں کوبروئے کار لاسکیں ۔

قبل ازیں روزنامہ ایکسپریس اسلام آباد کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر راؤ خالد محمود نے معزز مہمانوں اور شرکاکو خوش آمدید کہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ یوتھ کی شرکت اور دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل میں بھی اس تسلسل کوجاری رکھے گا ۔ اسی طرح کی ایجوکیشن ایکسپوکا انعقاد رواںماہ کے اختتام پرکراچی میں اور پھر اگست میں لاہورمیںکیا جارہا ہے۔ اسی سلسلے کوآئندہ برس چھوٹے شہروں میں منعقد کرنے کافیصلہ کیاہے تاکہ وہاںکے طلباوطالبات جوبڑے شہروں تک نہیں آسکتے ان کو ان کے شہروں میں ایجوکیشن ایکسپوسے مستفیدکیاجاسکے۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے تعلیمی مستقبل کا فیصلہ ہمارے والدین کرتے تھے مگر اب طلبا کو یہ سہولت میسرآگئی ہے کہ وہ اپنا مستقبل خود سنوارسکیں اور آج کی نوجوان نسل اس اعتبار سے خوش قسمت ہے کہ اسے اپنے کیریئر کے حوالے سے اہم ترین فیصلہ کرتے وقت پروفیشنل مشاورت کاروں کی سہولت میسر ہے۔

تقریب کے بعد معزز مہمانوں نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا ، اس موقع پر راؤ خالد محمود اور ایکسپریس کے جنرل منیجر مارکیٹنگ منیر حسین بھی موجود تھے۔ شرکانے ایکسپو میں کیے گئے انتظامات کو سراہا ۔ ایکسپو میں ملائیشیا ، فرانس اور برطانیہ کی جامعات سمیت ہائیر ایجوکیشن کمیشن، یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان، دی یونیورسٹی آف لاہور،کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ورچوئل کیپمس ، قائد اعظم یونیورسٹی،آکسفورڈ یونیورسٹی پریس، پنجاب گروپ آف کالجز ، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی، این ٹی ایس، ہمدرد یونیورسٹی، انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ،آئی سی ایم اے، وطین، برائیٹو پینٹ، سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز ان انجینئرنگ روبوٹک ٹیم، اسلامک میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، رفاہ یونیورسٹی، نساگرلز کالجز، یونیورسل کالجز آف انجینئرنگ ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی،کے ڈی یو یونیورسٹی ملائیشیا، شیفلڈ ہلال یونیورسٹی یوکے، اکیڈمی آف بزنس کمیونٹیز، اسلامک اسکول ہیلتھ کیئر، برائٹ ایجوکیشن کنسلٹنٹ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ڈویلپمنٹ، اباسین یونیورسٹی،آئلٹس، امپیریل کالجز آف بزنس اسٹڈیز اور دیگر نے اسٹال لگا ئے تھے۔ ان اسٹالوں پر طلباوطالبات کا بے پناہ رش دیکھنے میں آیا اور انھیں مختلف اسٹالوں پر داخلوں اور ملازمت کے لیے بروشرز خریدتے اور معلومات حاصل کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔

خاص طور پر ایچ ای سی اور یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان کے اسٹال پرطلباوطالبات کا رش دیکھنے کو ملا جہاں وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے حوالے سے معلومات حاصل کرتے رہے۔ ایکسپو کے موقع پر پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر کو رنگ برنگے غباروں اور جھنڈیوں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا۔ جڑواں شہروں سمیت روات ، ٹیکسلا اور قرب وجوار کے تعلیمی اداروں کے سیکڑوں طلبا کے علاوہ نوجوانوں اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کی آمد کا دن بھر سلسلہ جاری رہا ۔ ایکسپو میں شریک طلبا وطالبات ایک دوسرے کے ساتھ خوش گپیاں لگاتے اور تصویریں بھی بنواتے رہے۔ ایکسپو میںشرکت کرنیوالے طلبا وطالبات اور بچوں کی انٹرٹینمنٹ کے لیے برائٹو پینٹ نے پینٹنگ مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

پاکستان روبوٹک ٹیم کی جانب سے لگائے گئے روبوٹک اسٹال شرکاکی توجہ کا مرکز بنا ہواتھا جبکہ مختلف انجینئرنگ یونیورسٹیوں کے طلباکی جانب سے تیار کردہ ایجادات بھی شرکاکے لیے مرکز نگاہ بنے رہے۔ سینٹر کی پہلی منزل پر مختلف نایاب کتابوں کا اسٹال بھی لگایا گیا تھا جن میں ادب سے تعلق رکھنے والے افراد خاص دلچسپی لیتے رہے۔ مرکزی ہال میں شرکاکی انٹرٹینمنٹ کے لیے مختلف پروگرامز ترتیب دیے گئے تھے جن میں مختلف جامعات کے طلبا کا تعارفی مارچ، ڈراما، ڈیبیٹ، ڈانسنگ اور سنگنگ مقابلوں کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ سی وی رائٹنگ سیمینار اور فوٹو گرافی مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں