کراچی میں پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک

دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے


Staff Reporter October 17, 2023
دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے

پاکستان بازار پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں موٹرسائیکل سوار 4 ڈاکوؤں سے مبینہ مقابلے میں دو کو ہلاک کر دیا ، دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب گلشن ضیا سیکٹر ساڑھے گیارہ بلاک ڈی الطاف نگر اورنگی ٹاؤن میں مبینہ مقابلے میں دو ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔

ایس ایچ او پاکستان بازار انسپکٹر شکیل رند کے مطابق دو موٹرسائیکل پر سوار 4 افراد کو مشتبہ جانتے ہوئے گشت پر مامور پولیس پارٹی نے روکنے کے لیے تعاقب کیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے بھی ملزمان پر جوابی فائرنگ کی ، پولیس کی فائرنگ سے 2 ڈاکو موقع پر مارے گئے جبکہ دو ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، مارے گئے ڈاکوؤں سے دو پستول ، ایک موٹرسائیکل ، دو موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی ، مارے جانے والے ڈاکوؤں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب جمشید کوارٹر پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب تین ہٹی نوری شاہ مزار کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 25 سالہ روبرٹ مسیح ولد اکرم مسیح اور 24 سالہ نائیرسن مسیح ولد عاشق مسیح کے ناموں سے کی گئی۔

گرفتار ملزمان سے ایک پستول ، موبائل فونز ، کچھ نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ، گرفتار ملزمان چوری ، اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں ، ملزمان سے علاج و معالجے کے بعد مزید تفتیش کی جائے گی۔

پی آئی بی کالونی پولیس نے حسن اسکوائر یونیورسٹی روڈ سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت کامران ولد زین اللہ کے نام سے جبکہ دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام کرامت مسیح ولد سندر مسیح بتایا ، گرفتار ملزمان سے دو پستول چھینے گئے 6 موبائل فونز ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کر لی ، گرفتار ملزمان ڈکیتی ، اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں