ورلڈکپ میں ایک اور اپ سیٹ نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو ہرادیا

نیدرلینڈز کے 246 رنز کے جواب میں جنوبی افریقا 207 رنز ہی بناسکا

(فوٹو: فائل)

ورلڈ کپ 2023 میں ایک اور اپ سیٹ، نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 38 رنز سے ہرادیا۔

دھرم شالہ کے تاریخی اسٹیڈیم میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کے 246 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 42.5 اوورز میں 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بارش کے باعث میچ کو 43، 43 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔

اس سے قبل اتوار کو ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دیکر تاریخ رقم کی تھی۔ یاد رہے کہ نیدرلینڈز نے 2022 میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں بھی جنوبی افریقا کو شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ کا بڑا اپ سیٹ، افغانستان نے انگلینڈ کو 69 رنز سے ہرادیا

جنوبی افریقا جو اس میچ سے پہلے 2.36 نیٹ رن ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھا اب بھی اسی پوزیشن پر ہے تاہم اسکا نیٹ رن ریٹ کم ہو کر 1.385 ہو گیا ہے۔ نیدرلینڈز 2 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر آگیا۔

یہ نیدرلینڈز کی ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی ہے۔ جنوبی افریقا نے اپنے پہلے دونوں میچز میں فتح حاصل کی تھی اور نیدرلینڈز کو اپنے دونوں میچز میں شکست ہوئی تھی۔ ٹورنامنٹ میں شامل تمام 10 ٹیمیں اب اپنے تین، تین میچز کھیل چکی ہیں۔
Load Next Story