نگران حکومت کا تحریک انصاف کی قیادت سے رابطہ

شفقت محمود سے وزیرِاطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی ملاقات، انتخابات میں شرکت کے مساوی مواقع پر گفتگو

شفقت محمود سے وزیرِاطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی ملاقات، انتخابات میں شرکت کے مساوی مواقع پر گفتگو

نگران حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔

سینئر مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف شفقت محمود سے ان کی رہائشگاہ پر نگران وزیرِاطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں صاف شفاف انتخابات کے انعقاد، سیاسی جماعتوں کیلئے انتخابات میں شرکت کے مساوی مواقع کے اہتمام اور وسیع قومی مفاہمت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر مفصل گفتگو کی گئی۔

دونوں نے قومی سطح پر ہم آہنگی اور مفاہمت کے فروغ کے امکانات، اہمیت اور ضرورت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

سینئر مرکزی رہنما تحریک انصاف شفقت محمود نے کہا کہ شفاف انتخابات کیلئے تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں ماحول اور مساوی مواقع کی فراہمی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، تحریک انصاف کو بلاشبہ برابری کی سطح پر سیاسی سرگرمیوں کے مواقع نہیں مل رہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف کے وفد کی صدر مملکت سے اہم ملاقات

شفقت محمود نے کہا کہ تحریک انصاف کو آئین و قانون کی روشنی میں انتخابی مہم چلانے کی بھی اجازت نہیں جبکہ دیگر جماعتوں کو ملک بھر میں جلسے جلوسوں کی کھلی آزادی ہے، نہایت ناہموار ماحول میں منعقد کروائے گئے خلافِ قاعدہ انتخابات عوامی سطح پر ساکھ اور قبولیت سے محروم رہیں گے۔


یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان نے "سیاسی گنجائش" کا فارمولا پیش کردیا

 

ان کا کہنا تھا کہ فیئر ٹرائل اور انصاف تک مکمل رسائی کو بھی آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے ہدف کے حصول میں بنیادی اہمیت حاصل ہے، قومی سطح پر مفاہمت کے فروغ کا گہرا انحصار دستور کی بالادستی اور جمہوریت کے بقاء و تسلسل پر ہے اور یہ قومی مفاہمت تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیرممکن نہیں۔

شفقت محمود نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف دستور کے سائے میں انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔

صدر سے سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی کی ملاقات

علاوہ ازیں صدر مملکت عارف علوی سے تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اور بیرسٹر عمیر نیازی نے بھی ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 
Load Next Story