عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف کے وفد کی صدر مملکت سے اہم ملاقات

پی ٹی آئی وفد نے عمران خان کا الیکشن میں بھرپور کردار ادا کرنے کا پیغام پہنچایا


ویب ڈیسک October 17, 2023
فوٹو انٹرنیٹ

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی ہدایت پر پی ٹی آئی کے ترجمان اور عہدیدار نے صدر مملکت سے اہم ملاقات کی ہے۔

صدر مملکت عارف علوی سے تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اور بیرسٹر عمیر نیازی نے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے عمران خان کا پیغام پہنچایا اور صدر مملکت پر زور دیا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت اور مذاکرات کی راہ کو ہموار کریں۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹر عارف علوی کو عمران خان کی جانب سے انتخابات کے معاملے پر بھرپور کردار ادا کرنے کا پیغام بھی پہنچایا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پارٹی قیادت کو صدر مملکت سے ملاقات کی ہدایت چیئرمین عمران خان نے کی تھی جس کی روشنی میں آج سیکریٹری اطلاعات اور بیرسٹر عمر نیازی نے ایوان صدر میں عارف علوی سے ملاقات کی ہے۔

مزید پڑھیں: نگران حکومت کا تحریک انصاف کی قیادت سے رابطہ

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے صدر مملکت سے مطالبہ کیا کہ وہ بات چیت کیلیے راہ ہموار کریں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو پیغام بھیجا جس میں سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی ختم کرنے اور بات چیت شروع کرنے سے پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بحال کروانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

عمران خان کی گرفتاری اور سنگین مقدمات کے بعد پہلی بار پی ٹی آئی قیادت نے صدر مملکت کو پیغام بھیجا ہے جس کی تصدیق رہنما علی محمد خان نے بھی کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں