آؤٹ ہونے پر غصہ آئی سی سی نے افغان اوپنر کی سرزنش کردی

رحمان اللہ گرباز انگلینڈ کیخلاف میچ میں 80 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے تھے

فوٹو: آئی سی سی سی

آئی سی سی نے افغانستان کے اوپنر رحمان اللہ گرباز کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرزنش کردی۔

دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں اتوار 15 اکتوبر کو انگلینڈ اور افغانستان کے میچ میں رحمان اللہ گرباز نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تھا۔ وہ 57 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 80 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے تھے۔

سنچری سے صرف 20 رنز پہلے آؤٹ ہونے پر وہ اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور پویلین جاتے ہوئے بلے کو باؤنڈری لائن اور کرسی پر مارتے ہوئے گئے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ گرباز نے ایسا کرکے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی جس کا تعلق بین الاقوامی میچ کے دوران کرکٹ کے سامان یا کپڑوں، گراؤنڈ آلات کے غلط استعمال سے ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ، افغانستان نے انگلینڈ کو 69 رنز سے ہرادیا


آئی سی سی کا کہنا ہے کہ لیول ون کی خلاف ورزی پر کم سے کم سزا آفیشل سرزنش، میچ فیس کا زیادہ سے زیادہ 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس ہوتے ہیں۔

افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی نے آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے جیف کرو کی طرف سے دی گئی منظوری کو قبول کرتے ہوئے گرباز کی غلطی کو تسلیم کرلیا ہے جس سے اوپنر کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ ہوگیا۔

مزید پڑھیں: امام کو آؤٹ کرنے کیلیے گیند کے ساتھ کیا کیا، پانڈیا نے بتادیا

ورلڈ کپ میں افغانستان کا اگلا میچ کل 18 اکتوبر کو چنئی میں نیوزی لینڈ سے ہوگا جس کے بعد 23 اکتوبر کو اسی مقام پر پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

یاد رہے کہ افغانستان نے اتوار کو کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دیکر تاریخ رقم کی تھی۔ افغانستان کے 285 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم 40.3 اوورز میں 215 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
Load Next Story