غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں 500 فلسطینی شہید

اموات میں اضافے کا خدشہ، حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کے گھر پر بھی بمباری، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس صبح 10 بجے طلب

فوٹو: سوشل میڈیا

غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں 500 سے زائد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ شہر کے الاحلی اسپتال کو نشانہ بنایا گیا جہاں 10 روز سے جاری اسرائیلی بمباری میں زخمی ہونے والے شہریوں کو مسلسل طبی امداد کیلئے لایا جارہا تھا۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسپتال پر ہونے والے حملے میں کم از کم 500 افراد شہید ہوئے ہیں۔ اسرائیلی افواج نے اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکول میں موجود پناہ گزینوں کو بھی نشانہ بنایا۔

یہ خبر پڑھیں : غزہ پر اگلا حملہ زمینی کارروائی کے بجائے سرپرائز بھی ہوسکتا ہے، اسرائیل کی دھمکی

فلسطینی صدر محمود عباس نے غزہ کے الاحلی اسپتال پر فضائی حملے کے بعد تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ غزہ میں حماس حکومت کے میڈیا آفس نے اسپتال پر حملے کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔

سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

روس اور متحدہ عرب امارات نے غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی میزائل حملے کے بعد 18 اکتوبر کو صبح 10 بجے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کردی ہے۔
Load Next Story