عمران خان کا کام دھرنے دینا ہے انہیں وہ کرنے دیں سعد رفیق

سیاست بہت ہوگئی اب کام بھی ہونا چاہئیےمیرے پاس عمران خان کی پریس کانفرنس سننے کا وقت نہیں، وزیر ریلوے


ویب ڈیسک May 18, 2014
عوام نے ہمیں کام کے لئے ووٹ دیا ہے اور عمران خان سمجھتے ہیں کہ انہیں دھرنوں کے لئے ووٹ ملے ہیں، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق فوٹو : اے پی پی/فائل

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عوام نے ہمیں کام کرنے کے لئے ووٹ دیا ہے لیکن عمران خان سمجھتے ہیں کہ انہیں دھرنوں کے لئے ووٹ ملا ہے اس لئے ہمیں کم کرنے دیں اور عمران خان کو دھرنے دینے دیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاست بہت ہوگئی اب کام بھی ہونا چاہئیے، ان کے پاس عمران خان کی پریس کانفرنس سننے کا وقت نہیں، عوام نے ہمیں کام کے لئے ووٹ دیا ہے اور عمران خان سمجھتے ہیں کہ انہیں دھرنوں کے لئے ووٹ ملے ہیں، اس لئے ہمیں کام کرنے دیا جائے اور عمران خان کو احتجاج کرنے دیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ماضی میں کئی سینیئر سیاستدانوں نے ریلوے کی وزارت سنبھالی لیکن وہ اس محکمے میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں لاسکے، موجودہ حکومت نے ریلوے کو ایک مرتبہ پھر ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ حکومتی اقدامات سے ریلوے ایک مرتبہ پھر اپنے پیروں پر کھڑا ہورہا ہے، 13-2012 کے دوران ریلوے نے 14 ارب روپے کمائے تھے جبکہ رواں برس اب تک ریلوے 19 ارب روپے کما چکا ہے۔ اس طرح ریلوے نے 30 اپریل تک گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 5 ارب روپے زائد کمائے ہیں۔ نارووال سیکشن پر لوگ ٹرین کی چھتوں پر سفر کرتے ہیں،اس لئے ٹرینوں کے ساتھ اضافی بوگیاں لگائی جائیں گی۔ اٹک اورجنڈ کے درمیان شٹل سروس شروع کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے کرائے کم ہیں اور سہولیات زیادہ، اس لئےوہ عوام سے کہتے ہیں کہ وہ اپنی منزل مقصود پر پہنچنے کے لئے دیگر ذرائع کے بجائے ٹرینوں میں سفر کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں