توہین آمیز پروگرام پر ملک بھر میں جیو ٹی وی کے خلاف تیسرے روز بھی احتجاج اور مظاہرے

متعلقہ ادارے اور حکومت گستاخانہ پروگرام نشر کرنے پر جیو کے خلاف فوری کارروائی کرے، مظاہرین کا مطالبہ

جیو کے گستاخانہ پروگرام کے خلاف تیسرے روز بھی شہر شہر ریلیاں نکالی گئیں۔ فوٹو: فائل

توہین آمیز پروگرام پرملک بھر میں تیسرے روز بھی جیو ٹی وی کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

4 روز قبل جیو انٹرٹینمنٹ چینل کے مارننگ شو ''اٹھو جاگو پاکستان'' میں منقبت اہل بیت کے دوران توہین آمیز حرکات پرعوام کے احتجاج کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ کراچی میں سنی تحریک کی جانب سے توہین اہل بیت پر جیو کے خلاف ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی اس کے علاوہ مختلف مذہبی اور سماجی جماعتوں کی جانب سے بھی احتجاج کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جیو ٹی وی نے سیاسی اور عسکری قیادت پر کیچڑ اچھالنے کے بعد عوام کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنا شروع کردیا ہے جو کسی بھی طور پر قابل برداشت نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ حکام جیو ٹی وی چینل کے خلاف کارروائی کرے۔ اس کے علاوہ حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص، بدین، ڈگری ، ٹندو الہیار، نوابشاہ اور دیگر شہروں میں بھی احتجاج کیا گیا۔


لاہور سمیت پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں جیو کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ داتا کی نگری میں مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے نکالی گئی ریلیوں اور مظاہروں میں بڑی تعداد میں لوگوں نےشرکت کی۔ مظفرگڑھ ميں اہلسنت والجماعت کے زیراہتمام جیو اورجنگ گروپ کے خلاف عثمانیہ مسجد سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں کارکنوں نے پلےکارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جس پر جیو اور جنگ کے خلاف نعرے درج تھے۔ پریس کلب مظفر گڑھ کے سامنےجنگ کی کاپیاں نذرآتش کی گئیں۔ رحیم یارخان میں جماعت الدعوة کے کارکن سڑکوں پر آئے اور پریس کلب کے باہر احتجاج کیا ۔ عارف والہ میں انجمن تاجران نے جیو کے خلاف ریلی نکالی۔ میانوالی میں بھی اہل سنت والجماعت کے کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا ۔ توہین آمیز پروگرام کے خلاف رینالہ خورد میں سنی تحریک نے ریلی نکالی ۔ حویلی لکھا میں وکلا ، سول سوسائٹی اور مذہبی تنظیموں نے جیو کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی ۔ اس کے علاوہ اوکاڑہ، پاکپتن ،بورے والا ،وہاڑی۔ شورکوٹ اورسیالکوٹ میں بھی ریلیاں نکالی ہیں۔

پشاور سمیت خیبر پختنواخوا کے مختلف شہروں ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، چارسدہ، مردان، ہنگو اور ٹانک میں جیو ٹی وی کے خلاف احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ۔ اس کے علاوہ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بھی احتجاج کیا گیا۔ حب، بیلہ، سبی، ہرنائی، چاغی، خضدار، وڈھ اور تربت میں بھی عوام کی جانب سے جیو ٹی وی کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔
Load Next Story