مبینہ پولیس مقابلے میں فائرنگ کی زد میں آنیوالا میٹرک کا طالبعلم جاں بحق

مقابلے میں 3 ڈاکو ہلاک، فلمی انداز میں جاری فائرنگ کی زد میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے، 16 سالہ عمیر جانبر نہ ہو سکا


Staff Reporter October 18, 2023
(فوٹو: فائل)

لیاری کے علاقے میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آنے والا میٹرک کا طالب علم جاں بحق ہوگیا۔

گھاس منڈی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران دو طرفہ فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والا میٹرک کا طالب علم دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ۔عیدگاہ پولیس نے مقابلے میں 3 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا۔

جاں بحق ہونے والے طالب علم کی شناخت 16 سالہ محمد عمیر ولد محمد افضال کے نام سے کی گئی ۔ مقتول جائے وقوع سے کچھ فاصلے پر واقع کلاکوٹ تھانے کی حدود جمیلہ پمپنگ کے سامنے دبئی بلڈنگ میں دوسری منزل کا رہائشی اور میٹرک کا طالب علم تھا ۔محمد عمیر 2 بھائیوں اور 4 بہنوں میں سب سے چھوٹا تھا ۔

علاقہ مکینوں کے مطابق مقتول اور اس کا بڑا بھائی گھر سے زیادہ باہر نہیں نکلتے تھے، گھر سے صرف نماز کے وقت مسجد جانے کے لیے نکلتے اور نماز پڑھ کر سیدھا گھر چلے جاتے تھے ۔ واقعے کے وقت مقتول گھر کے قریب جناح آباد میں دودھ کے دکان پر ناشتے کا سامان لینے گیا تھا کہ عیدگاہ پولیس 3 ڈاکوؤں کا تعاقب کرتے ہوئے پہنچی، جہاں فلمی انداز میں ایک دوسرے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔

گلی نمبر 7 میں ملزمان نے رُک کر پولیس سے فائرنگ شروع کردی۔ اسی دوران 2 راہگیر عمیر اور 23 سالہ مرتضیٰ ولد ریاض فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوئے۔ پولیس نے جوابی فائرنگ میں تینوں ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا تھا ۔ ڈاکوؤں کی لاشیں اور زخمی شہریوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ۔ عمیر کے سر اور مرتضیٰ کی بائیں ٹانگ میں گولی لگی تھی ۔ عمیر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔ طالب علم عمیر کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ لاش گھر پہنچنے تک واقعے کی اطلاع اس کی والدہ کو نہیں دی گئی تھی تاہم جیسے ہی لاش گھر پہنچی تو والدہ شدت غم سے غش کھا کر گر پڑیں جب کہ بہنیں ، بھائی اور والد بھی زار و قطار رو رہے تھے۔ علاقہ مکین بھی نوجوان کی ہلاکت پر غم زدہ تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔