مصر کے معزول صدر مرسی کے مزید 163 حامیوں کو 10 سے 15 سال قید کی سزا
مصری عدالت نے معزول صدر محمد مرسی کے 163 حامیوں کو تخریب کاری کے جرم میں 10 اور 15 سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ سال منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد پرتشدد کارروائیوں میں ملوث مزید 163 قیدیوں کو قاہرہ کی 2 مختلف عدالتوں نے 10 اور 15 سال قید کا حکم دیا ہے، عدالتوں نے جرم ثابت ہونے پر 126 ملزمان کو 10 سال قید کی سزا اور 37 ملزمان کو لوگوں کو تخریب کاری کے لئے اکسانے اور پرتشدد واقعات میں ملوث ہونے پر 15 سال قید کا حکم دیا جب کہ عدالت نے مزید 6 ملزمان کو ایک سال قید کی سزا کا حکم دیا تاہم عدالت میں ملزمان کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کئے گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال سابق مصری معزول صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد ملک بھر میں فسادات پھوٹ پڑے تھے جس کے دوران سیکیورٹی فورسز سمیت 1400 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ مصری عدالتیں ہنگامی بنیاد پر مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے سینکڑوں افراد کو سزائے موت اور عمر قید کی سزا سنا چکی ہیں۔