کراچی پنڈی چمن اور پشاور کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

نمونے جینیاتی طور پر افغانستان میں پائے گئے وائرس سے ملتے ہیں، پولیو سے بچاؤ صرف ویکسین کی صورت میں ہے، محکمہ صحت

فوٹو:فائل

وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے چار اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

نگراں وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کے مطابق کراچی، راوالپنڈی ،چمن اور پشاور میں جینیاتی طور پر افغانستان میں موجود پولیو وائرس کے نمونے پائے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اب تک 43 مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے ہیں جو بہت تشویش ناک ہے۔ پاکستان میں دنیا کا حساس ترین پولیو سرویلنس نظام قائم ہے۔


وزیر صحت نے بتایا کہ ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی فوری تصدیق یہ ظاہر کرتی ہے کہ یہ نظام موثر انداز میں کام کر رہا ہے، ماحول میں وائرس کی موجودگی ہر بچے کے لیے خطرہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پولیو کا علاج ہے اور صرف ویکسین ہی ہے، جو بچوں کو عمر بھر کا تحفظ فراہم کرتی ہے۔ محکمہ صحت نے رواں سال کئی پولیو مہمات کا انعقاد کیا ہے، نومبر میں جن علاقوں میں وائرس موجود ہو گا وہاں بچوں کو پہلے ویکسین دی جائے گی۔

ترجمان محکمہ صحت اور نگراں وزیر صحت نے اپیل کی کہ والدین ہر مہم میں بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں اور اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔
Load Next Story