اسرائیل نے مصر کے راستے غزہ تک امداد کی ترسیل کی اجازت دے دی

یہ ابھی واضح نہیں کہ غزہ تک امداد کب پہنچے گی کیونکہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے مصری سرحد پر رفحہ کراسنگ تباہ ہوچکی ہے


ویب ڈیسک October 18, 2023
مصری سرحد پر ایک این جی او کی جانب سے امداد سے لدے ٹرک رفحہ کراسنگ کھولے جانے کے منتظر ہیں ( تصویر؛ بشکریہ الجزیرہ )

بڑھتے ہوئے بین الاقوامی دباؤ کے بعد اسرائیل نے مصر کے راستے غزہ کے لیے امداد کی اجازت دے دی۔

اسرائیلی حکومت نے کہا ہے کہ مصر کے راستے غزہ کی پٹی میں آنے والی امداد کا راستہ نہیں روکا جائے گا۔

اسرائیلی حکومت نے یہ اعلان امریکی صدر جوبائیڈن کے دورے اور اتحادی ممالک کی جانب سے غزہ کی پٹی میں محصور فلسطینیوں تک امداد کی ترسیل کی اجازت دینے کے لیے بڑھتے ہوئے دباؤ کے بعد کیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کے مطالبے پرفیصلہ کیا گیا ہے کہ مصر کی طرف سے جنوبی غزہ کی پٹی میں خوراک ، پانی اور ادویات پر مشتمل انسانی امداد کی ترسیل نہیں روکی جائے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے یرغمال شہریوں کی رہائی تک اسرائیل اپنی سرزمین سے غزہ کی پٹی کو کسی انسانی امداد کی ترسیل کی اجازت نہیں دے گا۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کے مسلسل حملوں اور محاصرے کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے گھر اور محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ غزہ تک امداد کب پہنچے گی کیونکہ غزہ کے ساتھ لگنے والی مصری سرحد کی گزرگاہ جسے رفحہ کراسنگ کہا جاتا ہے وہ، بقول مصری حکومت، اسرائیلی طیاروں کی بمباری کی وجہ سے تباہ ہوچکی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں