شیخ رشید لاپتا کیس پولیس کو 26 اکتوبر تک بازیاب کرانے کا حکم
بازیابی کے لیے پولیس کی جانب سے مزید مہلت کی استدعا منظور، سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے لاپتا ہونے کے کیس میں عدالت نے پولیس کو 26 اکتوبر تک بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔
سابق وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کے لاپتا ہونے سے متعلق کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے، جس میں پولیس نے بازیابی کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی۔
عدالت نے پولیس کی جانب سے شیخ رشید احمد کی بازیابی کے لیے مزید مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے 26 اکتوبر تک بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔ آر پی او کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ سی پی او،ایس ایس پی آپریشن اور پولیس افسران شیخ رشید کی گرفتاری میں ملوث نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بازیابی کے لیے پولیس کوششیں کررہی ہے، مہلت دیں، بازیاب کرا لیں گے۔
عدالت نے کہا کہ آئندہ تاریخ تک سابق وزیر داخلہ کو بازیاب کرایا جائے۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کردی۔