عمران خان کی ورزش کیلیے سائیکل اڈیالہ جیل پہنچا دی گئی حکام نے روک لیا

تحریری آرڈر ملنے تک سائیکل اندر نہیں جاسکتی، جیل انتظامیہ، عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کرکے دلائل طلب کرلیے


ویب ڈیسک October 19, 2023
(فوٹو: فائل)

چیئرمین پی ٹی آئی کی ورزش کے لیے سائیکل اڈیالہ جیل پہنچا دی گئی، تاہم جیل حکام نے سائیکل کو اندر لے جانے سے روک دیا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی ورزش کرنے کے لیے سائیکل اڈیالہ جیل پہنچا دی گئی ہے، تاہم جیل انتظامیہ نے سائیکل کو اندر لے جانے سے روک دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جب تک عدالت کا تحریری حکم نامہ نہیں ملتا، تب تک ورزش کی سائیکل جیل کے اندر نہیں جاسکتی۔

دوسری جانب آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں ورزش کے لیے سائیکل مہیا کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کرکے دلائل طلب کرلیے ہیں۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں شیرازاحمدرانجھا کے توسط سے چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل مہیا کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں ورزش کے لیے سائیکل درکار ہے اورجیل ایس او پیز کے تحت وہ سائیکل کے حقدار ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں سائیکل مہیا کی جائے، جس پر عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئےسماعت 23 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں