پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایک ہفتے میں دوسری بار 50 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور
6 سال 4 ماہ بعد100 انڈیکس 50158 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، آئل اینڈ گیس،اسٹیل،انرجی اورسیمنٹ سیکٹرزمیں زیادہ سرمایہ کاری
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج غیر معمولی تیزی کا رجحان ہے، جس کے نتیجے میں 50 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد ایک بار پھر عبور ہو گئی۔
ملک میں شرح سود میں متوقع کمی اور ڈالر کی قدر گرنے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں صرف 2 دن کے وقفے کے بعد جمعرات کے روز بھی 50 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح عبور ہو گئی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: ڈالر کو دوبارہ ریورس گیئر لگ گیا، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں قیمت کم
واضح رہے کہ 2 روز قبل ہی پی ایس ایکس میں 50 ہزار پوائنٹس کی حد عبور ہوئی تھی اور ایسا 6 سال 4 ماہ کے بعد ہوا تھا۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے دن صبح ہی سے حصص بازار میں تیزی کا رجحان جاری ہے اور پی ایس ایکس میں مجموعی طور پر 942پوائنٹس کے بڑے اضافے سے کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 50374 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس، اسٹیل، انرجی اور سیمنٹ سیکٹر کے شیئرز میں زیادہ سرمایہ کاری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ کاروباری اور سرمایہ کار ذرائع حکومتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہونے والی پیش رفت کو اہم سنگ میل قرار دے رہے ہیں۔