خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کیلیے 19 نومبر کی تاریخ تجویز

خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کوخط ارسال کردیا

فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا میں میڈیکل کالجز میں داخلوں کی غرض سے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے 19 نومبر کی تاریخ تجویز کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرمیڈیکل یونیورسٹی نے ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کوخط ارسال کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ نقل کی شکایات کے پیش نظر نگران حکومت نے دس ستمبر کو ہوئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے نتائج کو منسوخ کرنے اور چھ ہفتوں میں ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کا اعلان کیا ہے۔


خط میں کہا گیا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے بھی صوبے میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ لینے کے احکامات جاری کیے ہیں، پی ایم ڈی سی خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو 19 نومبر کے دن ٹیسٹ کے انعقاد کی اجازت دے، خیبر میڈیکل یونیورسٹی ٹیسٹ کے لیے امیدواروں سے کسی قسم کی اضافی چارجز وصول نہیں کرے گی۔

دوسری جانب پی ایم ڈی سی کو ارسال کردہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سے متعلق خط کا فی الوقت جواب موصول نہیں ہوا ہے۔
Load Next Story