نواز شریف کا طیارہ آج دوپہر ساڑھے بارہ بجے اسلام آباد میں لینڈ کرے گا

خصوصی فلائٹ دوپہر ساڑھے بارہ بجے اسلام آباد پہنچے گی، نواز شریف کے ساتھ 194 افراد آئیں گے


ویب ڈیسک October 20, 2023
(فوٹو: فائل)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد چار سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد آج دوپہر اسلام آباد پہنچیں گے، نواز شریف کی آمد کے حوالے سے اسلام آباد کے لیے ان کی خصوسی پرواز کا شیڈول سامنے آ گیا۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سول ایوی ایشن نے نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے خصوصی چارٹر فلائٹ کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف دبئی پہنچ گئے، اسحاق ڈار کے بیٹے کے گھر پر قیام

ذرائع کے مطابق غیرملکی ائرلائن کی خصوصی فلائٹ ایف زیڈ 4525پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9بجے دبئی سے اُڑان بھرے گی ۔ نواز شریف کاخصوصی طیارہ دوپہر ساڑھے 12بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گا ۔

خصوصی پرواز سہ پہر ڈیڑھ بجے اسلام آباد سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی اور علامہ اقبال ایئرپورٹ پر طیارہ دو بج کر 20 منٹ پر لینڈ کرے گا۔ نواز شریف کو لانے والی اس خصوصی پرواز میں 194 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر 2 گھنٹے قیام کے بعد نواز شریف اسی چارٹر طیارے سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ ہوں گے۔ چارٹر طیارے کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے خصوصی انتظامات کیے گے ہیں۔


نواز شریف کے ہمراہ صحافیوں اور پارٹی رہنماؤں سمیت 194 افراد خصوصی جہاز سے پاکستان پہنچیں گے۔ ن لیگی رہنما میاں ناصر جنجوعہ ، عرفان الحق صدیقی، برطانیہ سے ن لیگ کے صدر زبیر گل ، نیدر لینڈ سے پرویز اور فرانس سے مسلم لیگ ن کے سردار ظہور الحق بھی خصوصی پرواز میں آنے والوں می ہوں گے۔

دبئی سے خصوصی پرواز میں جانے والے رہنماؤں کو تین گھنٹے قبل دبئی ایئر پورٹ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ایئر پورٹ پر سابق وزیر اعظم کیساتھ فوٹو سیشن کیلئے ٹائم فریم کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف پاکستان روانگی سے قبل پارٹی رہنماؤں اورصحافیوں سے ایئرپورٹ پر مختصر ملاقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی آمد پر طیارے سے لاہور شہر پر پھول نچھاور کیے جائیں گے

پاکستان روانگی سے قبل جمعے کو نواز شریف نے مصروف ترین دن گزارا اور پاکستانی تاجروں، یو اے ای حکام سمیت دیگر سے اہم ملاقاتیں بھی کیں۔

مینار پاکستان جلسے میں شرکت کیلیے ملک بھر سے کارکنان کی لاہور روانگی

نواز شریف کی واپسی کے موقع پر مینار پاکستان میں جلسے میں شرکت کیلیے پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنان ملک بھر سے لاہور کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ کراچی سے لیگی کارکنان ٹرین میں روانہ ہوئے جبکہ گلگت، بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے بھی کارکنان قافلوں کی صورت میں بذریعہ ٹرین اور گاڑیوں میں روانہ ہوئے۔

علاوہ ازیں لاہور سمیت مینار پاکستان کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔ لیگی رہنماؤں نے اس حوالے سے مینار پاکستان میں جمعے کی شب ایک جلسے کا انعقاد کیا، جس میں مریم نواز اور حمزہ شہباز نے شرکت کی اور کارکنان کی حوصلہ افزائی کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں