ہسپانوی وزیر کا اسرائیل سے تعلقات معطل اور تجارتی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین کی وزیر برائے سماجی امور آئیونی بیلارا نے یورپی یونین کے اہم اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
ہسپانوی وزیر نے اسرائیلی بمباری میں معصوم جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی اتحادی حکومت سے اسرائیل کی غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیر آئیونی بیلارا نے مزید کہا کہ میرے خیال میں اب وقت آگیا ہے کہ اتحادی حکومت اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کرے اور نسل کشی کی ذمہ دار اسرائیلی حکومت پر اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں۔
اسپین کی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ہمیں غزہ میں بمباری کو رکوانے کے لیے ہر دستیاب راستہ استعمال کرنا چاہیے۔
یہ خبر پڑھیں : اسرائیل کو ہلاکت خیز ہتھیاروں کی فراہمی پر امریکی محکمہ خارجہ کا اعلیٰ افسر مستعفی
یہ خبر بھی پڑھیں : غزہ؛ اسرائیل کی بمباری میں تاریخی مسجد 'العمری الکبیر' شہید
یاد رہے کہ 9 دن سے جاری اسرائیل کی بمباری میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار 9 سے تجاوز کرگئی جب کہ حماس کی کارروائی میں 1400 اسرائیلی مارے گئے تھے۔