اسرائیل غزہ جنگ کی وجہ سے ایم ٹی وی میوزک ایوارڈ کی تقریب منسوخ
ایونٹ کیلئے ہزاروں افراد کو پیرس پہنچنا ہے لیکن خراب صورت حال کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہوگا، ترجمان
اسرائیل غزہ جنگ کی وجہ سے ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈ کی تقریب منسوخ کردی گئی۔
ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈ کی تقریب اگلے ماہ نومبر کی پانچ تاریخ کو پیرس میں شیڈول تھی لیکن اب عالمی سطح پر جنگی بحران کی وجہ سے پروگرام کینسل کردیا گیا۔
ایوارڈ شو کے ترجمان کے مطابق ایونٹ کیلئے ہزاروں افراد کو پیرس پہنچنا تھا لیکن خراب عالمی صورت حال کی وجہ سے ان شرکاء کیلئے پہنچنا ممکن نہیں ہوگا۔
ایم ٹی وی ایوارڈ شو کی تقریب کو پوری دنیا میں براہ راست دکھایا جانا تھا اور اس میں ایوارڈ کیلئے ٹیلر سوئفٹ، اولیویا روڈریگو اور بیڈ بنی کا انتخاب بھی ہوا تھا۔
واضح رہے کہ ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈز کی تقریب ہر برس مختلف ملک میں ہوتی ہے اور پچھلے برس یہ جرمنی کے شہر ڈسیڈرف میں منعقد ہوئی تھی۔