لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک 1 گرفتار
سیکیورٹی فورسز نے 19 اور 20 اکتوبر کی رات لکی مروت کے علاقے سیمو وانڈہ میں کارروائی کی
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں کارروائی کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 19/20 اکتوبر کی رات، سیکیورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت کے علاقے سیمو وانڈہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہوا جسے گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر اعلامیے کے مطابق ہلاک اور زخمی دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، آلات اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا جبکہ مقامی لوگوں نے شرپسند عناصر کے خلاف آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلیے اپنے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔