پشاور طالبعلم کو قتل کرنیوالا ملزم پولیس مقابلے میں ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
گرفتار ملزم شاہسوار کی نشاندہی پر چھاپا مارا گیا، جہاں ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیا
ایڈورڈز کالج کے طالب علم کو قتل کرنے والا ملزم پولیس مقابلے کے دوران اپنے ساتھی ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ رحمان بابا کی حدود میں ایک کارروائی کے دوران کالج کے طالب علم کو قتل کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے ایڈورڈز کالج کے طالب علم کے قتل کیس میں زیر حراست ملزم شاہسوار کی نشاہدہی پر دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا، جہاں پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: آئی فون کے لیے طالبعلم کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار
ملزمان کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کے دوران جوابی فائرنگ بھی کی گئی۔ اس موقع پرکراس فائرنگ کے نتیجے میں ملزم شاہسوار اپنے ساتھی ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ ایک پولیس اہلکار کو 2 گولیاں لگیں، تاہم بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے وہ محفوظ رہا۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کے مطابق مقابلے کے دوران پولیس گاڑی کو بھی متعدد گولیاں لگیں ۔ ملزمان رات کی تاریکی اور گنجان آباد علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ بعد ازاں شاہسوار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کی بھاری نفری نے ملزمان کی تلاش کے لیے موقع پر پہنچ کر علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔