صدر الیکٹرانک مارکیٹ میں چھاپہ اسمگل اور چوری کے 250 موبائل فونز برآمد
چھاپے کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ترجمان ایف آئی اے
ایف آئی اے نے صدر میں واقع الیکٹرانک مارکیٹ میں چھاپہ مار کر اسمگل اور چوری کیے گئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 250 موبائل فون برآمد کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق چھاپے کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، اسمگل اور چوری شدہ موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر بیرون ملک سے خریدے گئے ایک جدید سافٹ ویئر کے ذریعے تبدیل کیے جاتے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق پی ٹی اے کے سسٹم میں پہلے سے رجسٹرڈ موبائل فون نمبرز کا ڈیٹا بھی ملزمان سے برآمد ہوا ہے، ملزمان نے جعل سازی کے ذریعے پی ٹی اے کو پانچ کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق برآمد کیے جانے والے موبائل فونز میں برطانیہ سے چوری کیے جانے والے فون بھی شامل ہیں، اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔