نواز شریف سرکاری پروٹوکول میں جاتی امرا پہنچ گئے پولیس کی سیکیورٹی پر وضاحت
نواز شریف کو کوئی اضافی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی، اس حوالے سے تین چار روز میں فیصلہ متوقع ہے، پولیس ذرائع
مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف مینار پاکستان جلسے کے بعد رائیونڈ میں قائم اپنی رہائش گاہ جاتی امرا پہنچ گئے جبکہ پولیس نے وضاحت کی ہے کہ جاتی امرا میں کوئی اضافی سیکیورٹی تعینات نہیں کی گئی۔
نواز شریف مینار پاکستان جلسے میں شرکت اور تقریر کے بعد جاتی امرا پہنچ گئے جہاں اُن کا لیگی کارکنان نے پرتپاک استقبال کیا جبکہ اہل خانہ اور ملازمین کی جانب سے گلدستہ پیش کیا گیا جبکہ کارکنان نے گاڑی کو دیکھ کر ہاتھ ہلائے اور آتش بازی بھی کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف رائیونڈ میں گھر پہنچنے پر پہلے آبائی قبرستان گئے جہاں انہوں نے والدہ، والد، بھائی عباس شریف اور اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
نواز شریف نے خاندان کے مرحومین کے لئے قرآن خوانی کی۔ اس موقع پر مریم نواز شریف اور دیگر اہل خانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
جلسے کے بعد نواز شریف کا سرکاری پروٹوکول دیکھ کر دنیا حیران جاتی امرا پہنچ گئے#Expressnews #Pakistan #News #PMLN #NawazSharif pic.twitter.com/HzdxXgjvN2
دوسری جانب پولیس ذرائع نے وضاحت کی ہے کہ جاتی امرا میں نواز شریف کی آمد کے موقع پر کوئی اضافی نفری تعینات نہیں کی گئی، جاتی امرا بطور وزیراعظم شہباز شریف کا کیمپ آفس تھا جہاں شہباز شریف کیلیے سیکیورٹی پہلے ہی سے تعینات ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نواز شریف کو الگ سے سیکیورٹی دینے کے حوالے سے فیصلہ تین سے چار روز میں متوقع ہے تاہم ابھی پولیس لائن، ایلیٹ فورس، سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے سیکیورٹی نہیں دی گئی۔