رفح کراسنگ سے اسرائیلی بمباری سے تباہ غزہ کیلیے 20 امدادی ٹرک روانہ
3,000 ٹن امداد لے جانے والے 20 سے زیادہ ٹرک غزہ جانے کے لیے کئی دنوں سے کراسنگ کے قریب کھڑے تھے
فلسطینی گروپ حماس کے مطابق 20 امدادی ٹرکوں پر مشتمل ایک قافلہ ہفتے کے روز مصر رفح بارڈر کے ذریعے غزہ کی پٹی میں داخل ہوا، جس میں ادویات اور خوراک کا سامان تھا۔
تفصیلات کے مطابق تقریباً 3,000 ٹن امداد لے جانے والے 20 سے زیادہ ٹرک غزہ جانے کے لیے کئی دنوں سے کراسنگ کے قریب کھڑے تھے۔ حماس کے میڈیا آفس نے قبل ازیں کہا کہ "آج امدادی قافلے میں 20 ٹرک شامل ہیں جو ادویات، طبی سامان، اور محدود مقدار میں کھانے پینے کی اشیا لے کر جا رہے ہیں۔"
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مصر اور غزہ کے درمیان رفح بارڈر کراسنگ کھول دی گئی تاکہ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے شدید متاثر غزہ میں موجود لوگوں کو خوراک، ادویات اور پانی فراہم ہوسکے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ مصر سے غزہ میں داخل ہونے والی امدادی کھیپ میں ایندھن شامل نہیں ہوگا۔
دوسری جانب مصر کے سرکاری نشریاتی ادارے نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے 15 ویں دن امدادی سامان کی غزہ میں ترسیل کی تصدیق کردی ہے۔