کراچی میں صدر موبائل مارکیٹ سے 250 اسمگل شدہ موبائل برآمد

برطانیہ سے چوری شدہ موبائل بھی شامل، مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد، 2 ملزمان گرفتار


Staff Reporter October 22, 2023
حوالہ ہنڈی میں ملوث 3ملزمان گرفتار،امریکی، سعودی، اماراتی کرنسی برآمد، مقدمات درج فوٹو؛ فائل

صدر میں واقع الیکٹرانک مارکیٹ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسمگل اور چوری کیے گئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 250 موبائل فون برآمد کرلیے گئے، کارروائی میں 2ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق اسمگل اور چوری شدہ موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر بیرون ملک سے خریدے گئے، ایک جدید سافٹ ویئر کے ذریعے تبدیل کیے جاتے تھے، پی ٹی اے کے سسٹم میں پہلے سے رجسٹرڈ موبائل فون نمبرز کا ڈیٹا بھی ملزمان سے برآمد ہوا ہے، ملزمان نے جعل سازی کے ذریعے پی ٹی اے کو 5 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا۔

برآمد کیے جانے والے موبائل فونز میں برطانیہ سے چوری کیے جانے والے فون بھی شامل ہیں، اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔

علاوہ ازیں ایف آئی اے نے شہر میں حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن میں بھاری مالیت کی کرنسی برآمد کرلی، کارروائی کے دوران 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی ٹیم نے وہاب آرکیڈ مین ایم اے جناح روڈ پر چھاپہ مارا، جس کے دوران منظم حوالہ ہنڈی کی تحویل سے ملکی وغیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔ قبضے میں لی گئی کرنسی میں 32,700 امریکی ڈالر، 15,000 سعودی ریال، 800 اماراتی درہم شامل ہے جبکہ کارروائی کے دوران 9 کروڑ 88 لاکھ 82 ہزار500 پاکستانی روپے بھی برآمد ہوئے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان سے 5موبائل فونز بھی ضبط کیے گئے جن میں حوالہ ہنڈی کے ثبوت موجود ہیں، کئی رجسٹرز/لیجرز بھی ضبط کیے گئے، جن میں حوالہ ہنڈی اندراجات ہیں۔ چھاپے کے دوران گرفتار ملزمان محمد شاہد، محمد حسین، عبدالرشید کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں