ٹورنامنٹ ابھی ختم نہیں ہوا ہم یہاں تاریخ رقم کرنے آئے ہیں شاہین آفریدی

پاکستان اپنا پانچواں میچ آج چنئی میں افغانستان کیخلاف کھیلے گا

فوٹو: ویڈیو گریب

پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ دو میچز میں شکست سے ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوا، ابھی پانچ میچ باقی ہیں اور ہم یہاں تاریخ رقم کرنے آئے ہیں۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اپنا پانچواں میچ آج پیر کو چنئی میں افغانستان کیخلاف کھیلے گا۔ میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 1:30 پر ہوگا۔ جس کے بعد 27 اکتوبر کو اسی شہر میں قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے مدمقابل آئے گی۔

ورلڈ کپ میں اپنے چار میچز کھیلنے کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔ پاکستان کو دو میچز میں کامیابی اور دو میں شکست ہوئی ہے۔ پاکستان نے نیدرلینڈز کیخلاف جیت سے ٹورنامنٹ کا آغاز کیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں سری لنکا کے خلاف کامیابی ملی تھی۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ کیا افغانستان کیخلاف میچ میں فخر زمان پلئینگ الیون کا حصہ ہوں گے؟

قومی ٹیم تیسرے میچ میں روایتی حریف بھارت سے یک طرفہ مقابلے کے بعد شکست کھا گئی تھی جبکہ آسٹریلیا کیخلاف بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے افغانستان کے خلاف میچ سے قبل پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستانیوں کی ٹیم سے وابستہ توقعات کا علم ہے اور انہیں پورا کرنے کے لیے ہم بے چین ہیں۔ دو میچز میں شکست سے ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوا، ابھی پانچ میچ باقی ہیں اور ہم یہاں تاریخ رقم کرنے آئے ہیں۔

Load Next Story