ویرات کوہلی اپنی سنچری کیلئے خود غرض بن گئے شائقین کی تنقید

بھارتی بلے باز 95 رنز پر آؤٹ ہونے کے باعث سنچری سے بھی محروم رہے


ویب ڈیسک October 22, 2023
فوٹو: کرک انفو

ویرات کوہلی اپنی سنچری کیلئے ساتھی بیٹسمین سے خود غرضی پر اتر آئے جس پر بھارتی شائقین نے سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

دھرم شالہ کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے 21 ویں میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں فتح اپنے نام کی۔

نیوزی لینڈ کا 274 رنز کا ہدف بھارت نے 48 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔ بھارت کی طرف سے ویرات کوہلی 95 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے تاہم اسکے باوجود سوشل میڈیا پر بھارتی کرکٹ شائقین اُن سے ناخوش ہیں۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کو شکست دیکر بھارت نے مسلسل پانچویں فتح اپنے نام کرلی

بھارتی شائقین نے ویرات کوہلی پر اپنی سنچری کیلئے خود غرضی دکھانے کا الزام عائد کیا ہے اور سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی کیلئے سیلفش کا لفظ ٹرینڈ کرنے لگا۔

بیالیس ویں اوور میں جب بھارت کا مجموعی اسکور 239 رنز تھا اور بھارت فتح سے صرف 35 رنز اور ویرات کوہلی 75 رنز کے ساتھ سنچری سے 25 رنز کی دوری پر تھے۔

اس دوران 27 رنز کے ساتھ کوہلی کا ساتھ دینے والے جڈیجا نے آؤٹ سائیڈ لیگ پر شاٹ کھیلا جس پر با آسانی دو رنز بنائے جاسکتے تھے تاہم کوہلی نے صرف ایک رن لینے پر اکتفا کیا۔

انہوں نے نہ صرف پہلا رن انتہائی دھیمے انداز میں لیا بلکہ برق رفتاری سے پہلا رن بناکر دوسرے رن کیلئے پچ کے درمیان پہنچ جانے والے جڈیجا کو واپس پلٹنے کا کہہ کر نہ صرف انکو ایک رن سے محروم کیا بلکہ رن آؤٹ ہونے کا خطرہ بھی پیدا کیا۔

مزید پڑھیں: کوہلی کی سنچری کیلئے امپائر نے قوانین کی دھجیاں اڑادیں

اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی ویرات کوہلی کی اس حرکت پر حیرانی اور غصے کا اظہار کیا۔

بعد ازاں ویرات کوہلی اس میچ میں اپنی سنچری سے محروم رہے اور میچ کے آخری لمحات میں 95 رنز پر میٹ ہینری کی گیند پر گلین فلپس کو کیچ تھما بیٹھے۔ جس پر ایک سوشل میڈیا صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ کرما کا سبق ہے اُن تمام خود غرض کھلاڑیوں کیلئے جو صرف اپنے ذاتی ریکارڈز بنانے کیلئے کھیلتے ہیں۔



تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں