ملتان میں چوری کا مقدمہ درج کرانے پر ملزمان کا بزرگ شہری پر بدترین تشدد

ملزمان نے 50 سالہ بزرگ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر، مونچھیں اور داڑھی مونڈھ کر منہ کالا کردیا۔

5 سالہ رحمت اللہ مقدمات درج کرانے کا عادی ہے، پولیس فوٹو؛ایکسپریس نیوز

قطب پور میں چوری کامقدمہ درج کروانے پر ملزمان نے بزرگ شہری کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر، مونچھیں اور داڑھی مونڈھ کرمنہ کالا کردیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق ملتان کے علاقے گراس منڈی کے رہائشی 50 سالہ رحمت اللہ نے تھانہ قطب پور میں اپنے گھر سے رقم چوری پرمقدمہ درج کرایا تاہم اب رحمت اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اتوار کی رات عاقب اور صفدر نامی افراد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اس کے گھر آئے اور اسے چوری شدہ رقم دینے اور مقدمے میں صلح کرنے کا کہہ کر گھر سے لے گئے، لیکن راستے میں اسے تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ اس کی داڑھی، مونچھیں، سر کے بال مونڈھ ڈالے اور اس کا منہ کالا کردیا۔

ایس ایچ او تھانہ قطب پور فیضان قیوم نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ رحمت اللہ مقدمات درج کرانے کا عادی ہے، اس کا چوری کا مقدمہ بھی درج ہے لیکن تشدد، منہ کالا کرنا اوربال مونڈھنے کے بعد وہ تھانے نہیں آیا، انہوں نے کہاکہ اب رحمت اللہ سے رابطہ کرکے واقعہ کی تحقیقات کرنے کے بعد کاروائی کی جائے گی۔
Load Next Story