ورلڈکپ افغانستان نے پاکستان کو شکست دیکر تاریخ رقم کردی

پاکستان نے افغانستان کو جیت کیلئے 283 رنز کا ہدف دیا تھا


ویب ڈیسک October 23, 2023
فوٹو: کرک انفو

افغانستان نے پہلی بار ورلڈ کپ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ رقم کردی۔

پاکستان کا 283 رنز کا ہدف افغانستان نے 49 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری شکست ہے جبکہ افغانستان ون ڈے انٹرنیشنل اور ورلڈ کپ میں پہلی بار پاکستان کو ہرانے میں کامیاب ہوسکا ہے۔

مزید پڑھیں: بابراعظم نے شکست کی ذمہ داری بولنگ اور خراب فیلڈنگ پر ڈال دی

میچ جیتنے کے بعد افغانستان 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دسویں پوزیشن سے چھٹے نمبر پر آگیا جبکہ پاکستان پانچویں پوزیشن پر برقرار ہے۔ رواں ٹارنامنٹ میں پاکستان اور افغانستان دونوں پانچ پانچ میچز میں سے تین، تین ہارے ہیں اور دو، دو میچز میں کامیاب ہوئے ہیں۔



مزید پڑھیں: پاکستان کے خلاف فتح پر طالبان رہنما کی افغان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

افغانستان کی اننگز:

چنئی کے ایم اے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 22 ویں میچ میں پاکستان کے 283 رنز کے تعاقب میں افغان اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔

افغان ٹیم کی پہلی وکٹ 130 رنز پر گری جب شاہین آفریدی کی گیند پر رحمان اللہ گرباز 65 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 190 کے مجموعی اسکور پر ابراہیم زادران 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد حسن علی کا شکار بنے۔

رحمت شاہ 77 اور کپتان حشمت اللہ شاہدی 48 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی اننگز:

افغانستان کے خلاف پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو 56 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم امام الحق 17 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ عبداللہ شفیق 58 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ چوتھے نمبر پر آنے والے محمد رضوان 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مزید پڑھیں: مین آف دی میچ افغان کھلاڑی کی پاکستان کیخلاف سیاسی بیان بازی

سعود شکیل 25 رنز جبکہ کپتان بابراعظم نے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔

شاداب خان اور افتخار احمد کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 73 رنز بنے۔ افتخار احمد جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 4 چھکے اور دو چوکے لگائے۔ شاداب خان بھی 40 رنز بنا کر وکٹ کھو بیٹھے۔

میچ کے دوران، اوپنر عبد اللہ شفیق نے پاکستان کی جانب سے رواں سال ون ڈے کے پاور پلے میں پہلا چھکا بھی لگایا جس کے لیے قومی ٹیم نے 1169 گیندیں کھیلیں۔

مزید پڑھیں؛ پاکستان نے رواں سال پاور پلے میں پہلا چھکا لگا دیا

عبد اللہ شفیق نے دو چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 60 گیندوں کا سامنا کرکے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

ٹاس

پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنی پلیئنگ الیون میں محمد نواز کی جگہ آل راؤنڈر شاداب خان کو شامل کیا۔ افغانستان نے فضل الحق فاروقی کی جگہ اسپنر نور احمد کو شامل کیا ہے، افغان ٹیم کی پلیئنگ الیون میں کل 4 اسپنرز ہیں۔

ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں چار چار میچز کھیل چکی ہیں جس میں پاکستان کو دو میں فتح اور دو میں شکست ہوئی جبکہ افغانستان کو ایک میچ میں فتح اور تین میں شکست کا سامنا رہا۔

اس سے قبل، چنئی کی یہ پچ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں استعمال ہوئی تھی جو اب پاکستان اور افغانستان کے میچ کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

پچ سے متعلق سابق آسٹریلوی کرکٹر ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ پچ پر گھاس بالکل بھی نہیں ہے اور چنئی کے معیار کے لحاظ سے بھی سست ترین پچوں میں سے ایک ہو سکتی ہے۔

قومی ٹیم دو میچز میں فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے جبکہ افغان ٹیم ایک میچ میں کامیابی کے باوجود آخری نمبر پر ہے۔

پاکستان:

امام الحق، عبداللہ شفیق، کپتان بابراعظم ، وکٹ کیپر محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، اسامہ میر، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف۔

افغانستان:

رحمان اللہ گربز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، کپتان ہشمت اللہ شاہدی، عظمت اللہ عمر زئی، وکٹ کیپر اکرام علی خیل، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق، نور احمد۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں