بنگلادیش میں مال بردار اور مسافر ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم 15 ہلاک

بنگلادیش میں ٹرین حادثے میں 100 سے زائد مسافر زخمی بھی ہوئے


October 23, 2023
بنگلادیش میں ٹرین حادثے میں 100 سے زائد مسافر زخمی بھی ہوئے، فوٹو: فائل

بنگلادیش میں مال بردار ٹرین سامنے سے آنے والی مسافر ٹرین سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرین حادثہ بنگلادیش کے ضلع بھائیراب میں اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ٹرینیں ایک ہی پٹڑی پر آمنے سامنے آگئیں۔

خوفناک تصادم میں مسافر بردار ٹرین کی 5 بوگیاں الٹ گئیں۔ انجن اور اس کے ساتھ والی بوگی تباہ ہوگئی۔ پٹڑی پر ہر جانب لاشیں اور زخمی بکھرے پڑے تھے۔

امدادی کاموں کے دوران 15 لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں جب کہ 100 سے زائد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ اسپتال میں دو درجن سے زائد مسافر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 8 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ کئی افراد کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں جب کہ 2 ہمیشہ کے لیے معذور ہوگئے۔

ترجمان وزارتِ ریلوے کا کہنا تھا کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں