’کیا پھوپھیاں عجیب سوال نہیں پوچھتیں‘ یاسر حسین نے نادر علی کی حمایت کردی
آج کل لوگوں کے لطیفوں پر جذبات مجروح ہوجاتے ہیں، پہلے ایسا نہیں ہوتا تھا اور اب بھی ایسا نہیں ہونا چاہئے، اداکار
پاکستانی اداکار یاسر حسین معروف یوٹیوبر اور کامیڈین نادر علی کی حمایت میں سامنے آگئے۔
ایک تازہ انٹرویو میں اداکار نے جدید دور میں کامیڈی فنکاروں کو پیش آنے والے چیلنجز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نادر علی کو پسند کرنے والے بہت لوگ ہیں اور وہ اپنی فیلڈ میں اچھا کام کررہا ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ عجیب سوال پوچھنے پر نادر علی کو بہت بری طرح ٹرول کیا گیا لیکن ایسے سوالات تو پھوپھیاں بھی پوچھتی ہیں۔
انہوں کہا کہ آج کل لوگوں کے لطیفوں پر جذبات مجروح ہوجاتے ہیں اور پہلے ایسا نہیں ہوتا تھا اور اب بھی ایسا نہیں ہونا چاہئے۔
یاسر حسین کا مزید کہنا تھا جن کو نادر علی کے سوالات عجیب لگتے ہیں وہ ان کے شو میں نہ جائیں لیکن نادر علی کو سکھانے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔
اداکار نے ماضی کے لیجنڈری اداکار اور کامیڈین عمر شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آج لوگ ان کے لطیفے سنیں تو بہت سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوں گے لیکن ان کو پسند کرنے والے آج بھی کم نہیں ہوئے۔