
ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے عزیز آباد اور نیو کراچی سے ایک ٹارگٹ کلر سمیت دہشت گرد کو کرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے عزیز آباد میں کارروائی کرکے ٹارگٹ کلر فہیم عرف وڈیرہ کو گرفتار کرلیا جب کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فہیم قتل کی 6 اور جلاؤ گھیراؤ کی 2 وارداتوں میں ملوث ہے جبکہ ملزم کے تین ساتھیوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔ادھر پولیس نے نیو کراچی کے علاقے سے مبینہ دہشت گرد فیضان کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا ہےکہ دہشت گرد فیضان کو 19 مئی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 5 دستی بم اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشت گرد کینٹ اسٹیشن اور حیدری مسجد دھماکوں سمیت دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہے جب کہ ویسٹ زون پولیس نے مدینہ کالونی سے گینگ وار کے ملزم کو بھی گرفتار کیا ہے۔
دوسری جانب سی آئی ڈی پولیس نے سائٹ ایریا میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے 2 ملزمان گرفتار کرلیے۔ سی آئی ڈی انچارج کے مطابق گرفتار ملزمان میں شعیب اور عبداللہ شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ سی آئی ڈی کا دعویٰ ہے کہ ملزمان دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔