کراچی کے مضافاتی علاقوں میں اچانک بارش اور آندھی
بلوچستان پرکچھ بارش برسانے والے سیلزموجود تھے جن کے اثرات کے نتیجے میں کچھ مقامات پربارش ہوئی، چیف میٹرولوجسٹ
شہر کے مضافاتی علاقوں میں پیرکی سہ پہر اچانک بادل برس پڑے، کئی مقامات پرتندوتیزگرد آلود ہوائیں چلنے کے سبب گھٹا ٹوپ اندھیراچھا گیا اورآندھی چلی۔
پیرکو شہر کے شمال مشرقی علاقوں موٹروے ایم نائن، کاٹھور، ڈی ایچ اے سٹی، گڈاپ ٹاؤن سمیت قرب وجوار کے علاقوں میں اچانک گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوا،اس دوران کئی مقامات پرگھٹا ٹوپ اندھیرا چھا گیا، آندھی آئی اور تندوتیزگرد آلود ہوائیں چلیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مذکورہ بارش کے حوالے سے کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی تھی، چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق بارش لوکل ڈیولپمنٹ کے تحت ہوئی۔
بلوچستان پرکچھ بارش برسانے والے سیلزموجود تھے جن کے اثرات کے نتیجے میں کراچی کے مضافاتی علاقوں میں کچھ مقامات پربارش ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی جاری پیش گوئی کے مطابق اگلے 3روزکے دوران شہرکا موسم گرم اور نسبتاً خشک رہے گا جبکہ دوپہرکے وقت بلوچستان کی شمال مغربی سمت سے آنے والی اور شام کے وقت سمندری ہوا چلنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 35سے37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔